کوہلی کا جنوبی افریقی کھلاڑیوں سے سخت مقابلہ

دوبئی 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین ویراٹ کوہلی ایل جی آئی سی سی ایوارڈ 2014 کی مختصر فہرست میں شامل واحد ہندوستانی بیٹسمین ہیں۔ جسا کہ آئی سی سی کی جانب سے ونڈے کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے فہرست مختصر کردی گئی ہے۔ کوہلی جنھوں نے 2012 ء میں یہ ایوارڈ جیتا ہے تاہم اِس مرتبہ 2014 ء کے ایوارڈ کے لئے اِنھیں جنوبی افریقی کھلاڑیوں اے بی ڈی ولیئرس، ڈیل اسٹین اور اُبھرتے نوجوان بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک سے سخت مقابلہ ہے۔ نیز 2010 ء میں اے بی ڈی ولیئرس سال کے بہترین ونڈے کھلاڑی کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ویمنس ٹیم کی کپتان میتھالی راج کو دو زمروں کے ایوارڈس میں شامل کیا گیا ہے۔ میتھالی راج ونڈے کی بہترین کھلاڑی اور ٹوئنٹی 20 کی بھی بہترین کھلاڑی بن سکتی ہیں۔ مجموعی طور پر دو مختلف زمروں کے لئے 7 کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے جس میں میتھالی راج کے علاوہ مچل جانسن، ڈی ولیئرس، چارلوٹ اڈورڈس، انجیلو میتھیوز، کمارا سنگا کارا اور اسٹیفن ٹیلر شامل ہیں۔ ایل جی آئی سی سی ایوارڈس کو 2004 میں متعارف کیا گیا ہے لیکن حسن اتفاق سے کوئی بھی کھلاڑی دو مرتبہ کوئی ایوارڈ حاصل نہیں کرپایا ہے۔ انگلینڈ کے گیری بیالنس اور بین اسٹوکس کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن اور جمی نیشن کو اُبھرتے کھلاڑی کی فہرست میں جگہ مل پائی ہے۔