نئی دہلی۔7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا کے خلاف دو ڈبل سنچریوں کے ساتھ اپنی لاجواب کارکردگی سے مین آف دی میچ اور مین آف دی سریز رہے ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو ایک اور تحفہ آئی سی سی کی تازہ ترین بیٹنگ درجہ بندی میں دوسرے مقام کے ساتھ ملا ہے ۔ہندستانی ٹیم کو اپنی کپتانی میں مسلسل نویں ٹسٹ سیریز جتوانے کے ساتھ ہی سیریز میں کوہلی نے 152.50 کی اوسط سے سب سے زیادہ 610 رن بھی بنائے جس میں دو ڈبل سنچری بھی شامل ہیں ۔ سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز ہندستان نے 1۔0 سے جیتی۔اس کے بعد جاری ٹسٹ درجہ بندی میں کوہلی براہ راست تین مقامات کی ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔کوہلی نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں دو ڈبل سنچری بنائیں اور تینوں میچوں میں سنچری کی کامیابی حاصل کی۔سریز شروع ہونے سے پہلے وہ877 نشانات کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھے لیکن اب وہ 893 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور انہیں 16 درجہ بندی نشانات کا فائدہ ہوا ہے ۔انہوں نے دوسرے مقام تک پہنچنے کے لئے کین ولیمز، جیو روٹ اور چتیشور پجارا کو پیچھے چھوڑا ہے ۔آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ ٹسٹ بیٹسمینوں کی فہرست میں اپنے پہلے مقام پر برقرار ہیں۔ ان کے سب سے زیادہ 938 نشانات ہیں اور کوہلی کے ساتھ اب ان کا فاصلہ صرف 45 نشانات رہ گیا ہے ۔ کوہلی فی الحال ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں بھی دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ہیں۔آئی سی سی کی بیٹنگ کی درجہ بندی میں اب سرفہرست 10 میں ہندستان کے دو کھلاڑی موجود ہیں جس میں کوہلی دوسرے اور پجارا چوتھے نمبر پر ہیں۔اگرچہ ٹیسٹ ماہر پجارا کو درجہ بندی میں براہ راست دو مقام کا نقصان ہوا ہے اور وہ دوسرے سے چوتھے نمبر پر کھسک گئے ہیں اور انہیں 15 درجہ بندی نشانات کا بھی نقصان ہوا ہے ۔ان کے اب 873 نشانات ہیں۔