ملبورن ۔7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بیٹنگ لیجنڈ آسٹریلیائی سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے متعلق کہا ہے کہ ویراٹ ونڈے کرکٹ میں دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں لیکن انہیں 5 روزہ کرکٹ کا عظیم کھلاڑی ہنوز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ پونٹنگ نے ’’سڈنی مارننگ ہیرالڈ‘‘ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ 6، 7 ماہ قبل ہی یہ تسلیم کرچکے تھے کہ کوہلی ونڈے کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ کوہلی کیلئے 2016ء ایک یادگار سال گذرا ہے جہاں انہوں نے ٹسٹ ٹیم کی کامیاب قیادت کی ہے لیکن پونٹنگ کا ماننا ہے کہ اتنی جلدی انہیں ایک عظیم ترین کھلاڑی قرار دینا جلد بازی ہوگی، حالانکہ تینوں طرز کی کرکٹ میں ٹیم کی قیادت سے ان کے کھیل میں مزید نکھار آئے گا تاہم ونڈے کرکٹ میں کوہلی عصر حاضر کا بہترین بیٹسمین قرار دیا جاسکتا ہے۔ پونٹنگ نے مزید کہا کہ کوہلی کو عظیم ترین کھلاڑی کہنا جلد بازی ہوگی، کیونکہ ہم سچن تنڈولکر، برائن لارا اور جیک کالیس جیسے کھلاڑیوں کو عظیم کھلاڑی قرار دیتے ہیں جنہوں نے 120، 130 اور 200 مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے جبکہ کوہلی نے ان کے مقابلے نصف مقابلے میں نہیں کھیلے ہیں۔