نئی دہلی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو شکست ضرور ہوئی ہے لیکن سابق کھلاڑیوں اور ماہرین کی جانب سے ان کے مظاہروں اور طرز رسائی کی ستائش کی جارہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کارگزار کپتان ویراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 364 رنز کے نشانے کو تعاقب میں کامیابی کیلئے طرز رسائی اختیار کی تھی لیکن ٹیم کو 48 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی، حالانکہ ایک موقع پر مہمان ٹیم کامیابی کی سمت گامزن تھی لیکن اچانک آخری 8 وکٹوں کا زوال صرف 73 رنز کے اضافہ پر ہوگیا۔ دریں اثناء ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین ہندوستان کی شکست پر مایوس ہونے کی بجائے ویراٹ کوہلی کے فیصلے کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستانی ٹیم کی شکست سے کہیں زیادہ آسٹریلیائی بولنگ شعبہ کی خامیاں منظر عام پر آگئی ہیں۔ محمد اظہرالدین نے ’’ایجنڈہ آج تک 2014ء‘‘ میں شرکت کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کوہلی نے نشانہ کے تعاقب میں کامیابی کیلئے جو طرز رسائی اختیار کی وہ صحیح فیصلہ تھا۔ ہندوستانی بیٹسمنوں نے اس مقابلے میں بہترین کرکٹ کھیلی لیکن اہم موقع پر وکٹوں کے زوال نے ہمیں پیچھے چھوڑ دیا لیکن اس کے ساتھ اس مقابلے کے دوران آسٹریلیائی بولنگ شعبہ کی خامیاں بھی سامنے آگئی ہیں۔ مذکورہ پروگرام میں اظہرالدین کے علاوہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی سابق اوپنرس کی جوڑی ویریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کے علاوہ پاکستانی سابق کپتان وسیم اکرم اور شعیب اختر بھی موجود تھے۔
اس پروگرام کے دوران اظہرالدین نے کوہلی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ورلڈ کپ کیلئے خود کو ٹیم کیلئے ایک اہم کھلاڑی ثابت کردیا ہے۔اظہرالدین نے آئندہ برس منعقد شدنی ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی کے ضمن میں تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے لئے کپتان مہیندر سنگھ دھونی اور ویراٹ کوہلی اہم کھلاڑی ہوں گے۔ جبکہ کھلاڑیوں کے درمیان ویراٹ اور جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلرس کو اظہرالدین نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا ہے۔ ویریندر سہواگ نے اس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ورلڈ کپ میں خطاب کیلئے پسندیدہ ٹیمیں ہیں۔ علاوہ ازیں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایان چیاپل نے پہلے ٹسٹ کے نتیجہ کے بعد کہا ہے کہ ویراٹ کوہلی کو مہیندر سنگھ دھونی کے مقام پر ٹیم کا مستقل کپتان بنادیا جانا چاہئے۔ چیاپل نے کرکٹ کی ویب سائیٹ ای ایس پی این کرک انفو کے لئے تحریر کردہ اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ پہلے ٹسٹ کے تین سے زائد دنوں کے دوران ویراٹ کوہلی نے جو مظاہرے کئے ہیں، اس نے سلیکٹروں کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے، حالانکہ مہمان ٹیم کو اس ٹسٹ میں 48 رنز کی شکست ہوئی۔چیاپل نے میدان پر کوہلی کے جذبات پر قابو نہ پانے کو تشویشناک قرار دیا۔