کوہلی سے زیادہ کمبلے سمجھدار:ونورائے

ممبئی۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ونود رائے نے سابق کوچ انیل کمبلے کو کپتان ویراٹ کوہلی سے زیادہ سمجھ دار قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ دو افراد میں ایک ساتھ کام کرنے سے اختلافات ہو جاتے ہیں۔ انیل کمبلے کا بی سی سی آئی کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ تھا جس میں انہیں کچھ پروفیشنل مسائل ہوئے لیکن انہوں نے بطور کوچ ذمہ داری خوش اسلوبی سے نبھائی۔ان کی جگہ بھی ایسے ہی کسی پروفیشنل کوچ کا تقرر عمل میں آئے گا تاکہ ٹیم میدان پر مزید فتوحات حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان ہو یا منیجر دونوں کے آپس میں اچھے تعلقات ہونا چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے لئے کسی ایسے کوچ کو لایا جائے گا جو 2019 میں انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ تک ٹیم کے ساتھ رہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری اورچیف ایگزیکٹو راہول جوہری نے آئی سی سی کے اجلاس میں ہندوستان کے موقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا اور بہترین معاہدہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورننس ماڈل میں بی سی سی آئی کی بہت ساری تجاویز کو قبول کیا گیا ہے۔د وسری جانب بیٹنگ کوچ سنجے بانگر نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ انیل کمبلے کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور یوراج سنگھ ٹیم کے معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ اگر ٹیم میں یوراج سنگھ ، مہندر سنگھ دھونی اور کوہلی جیسے سینئر کھلاڑی موجود ہوں تو پس پردہ کئی چیزیں سنبھال لیتے ہیں وہ کھلاڑیوں کی مدد اور رہنمائی کر رہے ہیں اور صرف کوچنگ عملہ ہی نہیں بلکہ تجربہ کار کھلاڑیوں کا کردار بھی ٹیم میں اہم ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ سابق کوچ انیل کمبلے نے کپتان ویراٹ کوہلی سے اختلافات کے باعث آئی سی سی چمپینس ٹرافی کے بعد کوچ کے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا ہے اور اب بورڈ کو ن ئے کوچ کی تلاش ہے۔