ممبئی۔18 ڈسمبر (سیاست ڈاکٹ کام ) بالی ووڈ کے معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کے سب سے بدتمیز کھلاڑی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نصیر الدین شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پرکپتان کوہلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ویراٹ کوہلی نا صرف دنیا کے سب سے بہترین بیٹسمین ہیں بلکہ سب سے بدتمیز کھلاڑی بھی ہیں۔ کرکٹ کی ان کی قابلیت ان کے غرور اور برے رویہ کے سامنے پھیکی پڑ جاتی ہے اور میرا ملک چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اداکار نصیر الدین شاہ نے اپنی پوسٹ کے ذریعہ کوہلی کے اس بیان پر ردعمل دیا جس میں انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پسند کرنے والے مداحوں کو ملک چھوڑ کر چلے جانے کیلئے کہا تھا۔ کوہلی نے ایک تشہری پروگرام کے دوران ایک مداح کے تبصرے پر یہ بیان دیا تھا۔ اس پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کی کافی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے، کچھ لوگوں نے اس پوسٹ کی حمایت کی جبکہ کچھ نے اس پر اعتراض کیا ہے۔ کچھ صارفین نے کوہلی کو بدتمیز کہنے پر نصیر الدین شاہ کو آڑے ہاتھوں لیا جبکہ کچھ نے کوہلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کو شکست دینے کیلئے اس طرح کے جارحانہ رویہ کی ضرورت ہے۔ ان میں سے متعدد صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے کہا کہ کوہلی کئی مرتبہ حد پار کر چکے ہیں۔