کوہلی اور کمبلے کی کامیابی پر توجہ مرکوز: بنی

بنگلور۔6 جولائی  (سیاست ڈاٹ کام )  ہندستانی آل راؤنڈر اسٹورٹ بنی نے کہا ہے کہ کوچ انل کمبلے اور کپتان ویراٹ کوہلی کا تال میل ہندوستانی ٹیم  کے لئے بہت اہم ہے اور دونوں کا مقصد صرف جیت درج کرنا ہے اور دورہ ویسٹ انڈیز پر بہتر نتائج حاصل ہوں گے ۔ بنی نے کہا کہ کوچ کمبلے تکنیکی پہلوؤں سے زیادہ جیت درج کرنے کیلئے حکمت عملی بنانے پر توجہ دیتے ہیں۔انہوں نے یہاں چنا سوامی اسٹیڈیم میں میڈیا  سے کہا کہ کمبلے صرف مثبت بات کرتے ہیں۔وہ زیادہ ٹیکنالوجی پر نہیں جاتے ہیں بلکہ جیت درج کرنے پر زور دیتے ہیں اور اب ویسٹ انڈیز سیریز پر ان کی توجہ مرکوز ہے۔وہ جیت کا روڈ میپ بنانے پر توجہ زیادہ دیتے ہیں نہ کہ تکنیکی پہلوؤں پر۔آل راؤنڈر نے ساتھ ہی کہا کہ ٹسٹ کپتان کوہلی بھی کمبلے کی ہی طرح سوچتے ہیں اور سیریز جیتنے پر توجہ لگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمبلے بھائی اور کوہلی دونوں ہی سیریز جیتنے کے بارے میں سوچتے ہیں۔ یہ توازن کی بات ہے۔کوہلی ایسے ہیں جو کرکٹ کو لے کر بات کرتے ہیں تو کمبلے ہمیں مثبت طریقے سے کھیلنے پر زور دیتے ہیں۔ہم ابھی سے آئندہ سیریز جیتنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ ہندستانی آل راؤنڈر نے ساتھ ہی سابق کوچ روی شاستری کے متعلق کہا کہ ان کی نظر میں  کمبلے اور شاستری میں زیادہ فرق نہیں ہے کیونکہ دونوں کی توجہ ہمیشہ جیت پر رہی ہے۔اپنی ذاتی کارکردگی اور کردار کے ضمن میں  بنی نے کہا کہ وہ سابق کپتان کمبلے کو پہلے سے جانتے ہیں اور ان کی کمبلے کے ساتھ اچھی سمجھ ہے۔انہوں نے کہا گزشتہ آٹھ برسوں میں کمبلے نے مجھے کھیلتے دیکھا ہے۔کمبلے نے مجھے رنجی کھیلتے دیکھا ہے اور میرے کھیل کو جانتے ہیں۔وہ جانتے ہیں کہ انہیں مجھ سے کیا چاہئے۔بنی نے کہا کہ وہ جب نئی گیند سے کھیلتے ہیں تو ان کا کھیل سب سے اچھا ہوتا ہے۔ساتھ ہی وہ نچلی صف  میں چھٹے یا ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے پر آرام دہ اور پرسکون ہیں۔بطور آل راؤنڈر زیادہ موقع نہیں ملنے پر انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے مایوس نہیں ہیں۔