کوہلی اور ولیمسن کے لئے باکسنگ ڈے ٹسٹ اہم

دبئی ۔21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کے لئے 26 ڈسمبر کو شروع ہونے والا ٹسٹ کافی اہم ہے کیونکہ دونوں ہی اس وقت ٹسٹ درجہ بندی میں پہلے اور دوسرے مقام پر فائز ہیں تاہم ان کے درمیان نشانات کا فرق کافی کم ہے ۔آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں کوہلی اپنی 25 ویں سنچری کی بدولت آئی سی سی ٹسٹ بیٹنگ درجہ بندی میں سرفہرست ہیں لیکن نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ان کا سخت چیلنج پیش کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کین ولیمسن نے حال ہی میں درجہ بندی میں 900 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ کوہلی کے اب 934 نشانات ہیں جبکہ 900 کا ہندسہ عبور کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بیٹسمین بنے ولیمسن کے اب 915 نشانان ہیں اور وہ کوہلی سے 19 نشانات پیچھے ہیں۔کوہلی نے پرتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف اس کی زمین پر اپنی ساتویں ٹسٹ سنچری بنائی تھی اور اس معاملے میں سابق کرکٹر سچن تندولکر کی برابری کر لی جنہوں نے اپنے کیریئر میں آسٹریلیا میں اتنی ہی سنچری بنائی تھیں۔یادرہے کہ ان دنوں کوہلی اور کین دونوں ہی شاندار فام میں ہیں اور انکے درمیان نمبر ایک مقام کی دوڑ کافی دلچسپ ہوچکی ہے۔