کوہلی اور اینڈرسن ٹسٹ میں نمبر ایک مقام پر،کک ٹاپ 10 میں شامل

دبئی۔12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اگرچہ اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف کامیابی نہیں دلا سکے لیکن وہ پانچ میچوں کی اس سیریز کے بعد جاری تازہ ترین آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ہی رہے ہیں ۔ ہندوستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اپنی کارکردگی کی بدولت کوہلی انگلینڈ کے سیم کیرن کے ساتھ مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز منتخب کئے گئے ۔کوہلی ابھی 930 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹسٹ میں سرفہرست ہیں۔ بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کررہے آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ سے کوہلی ایک پوائنٹس آگے ہیں جو اب دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ہندوستانی کپتان سیریز کی شروعات میں اسمتھ سے27 پوائنٹس پیچھے تھے لیکن پانچویں اور آخری میچ کے اختتام کے بعد وہ ایک پوائنٹس کی برتری کے ساتھ اسمتھ کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہے ۔کوہلی اب چار اکتوبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹسٹ میچوں کی گھریلو سیریز میں اپنے پہلے مقام کا دفاع کریں گے ۔ انگلینڈ کے اوپنر السٹیر کک ہندوستان کے خلاف اس سیریز کے بعد سبکدوش ہو گئے ہیں لیکن پانچویں میچ میں 71 اور 147 رنز کی مین آف دی میچ کارکردگی کے ساتھ وہ ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔کک سب سے زیادہ ٹسٹ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں پانچویں مقام پرپہنچ گئے ہیں۔ ان کے709 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔33 سالہ کک نے آخری بار ستمبر 2011 میں کیریئر کی بہترین مقام دوسرا درجہ حاصل کیا تھا۔ اسی سال کک کو آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا تھا۔آئی سی سی کے سرفہرست 10 بیٹسمینوں میں چتیشور پجارا دیگر ہندوستانی کھلاڑی ہیں جو اپنے چھٹے نمبر پر برقرار ہیں اور ان کے 772 ریٹنگ پوائنٹس برقرار ہیں۔ سلامی بلے باز لوکیش راہول اور وکٹ کیپر رشبھ پنت کو بھی درجہ بندی میں بڑا فائدہ ہوا ہے ۔آخری میچ میں 149 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے والے راہول16 مقام کی چھلانگ کے ساتھ 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پنت63 مقام کی ترقی سے111 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پنت نے اپنے تیسرے ٹسٹ میچ میں 114 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو ان کی پہلی ٹسٹ سنچری ہے ۔آل راونڈررویندر جڈیجہ کے پانچویں میچ کی پہلی اننگز میں ناٹ آوٹ86 رنزکی بدولت12 مقام کے فائدے کے ساتھ 58 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ وہ آئی سی سی کے آل راؤنڈر کی فہرست میں بھی ایک مقام کی بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹسٹ کی بولنگ درجہ بندی میں انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن سیریز کے بعد دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے ہیں۔ وہ ہندوستان کے ساتھ سیریز کی شروعات میں تیسرے نمبر پر تھے ۔ لارڈس ٹسٹ کے بعد اینڈرسن کیریئر کی بہترین903 نشانات پر پہنچ گئے تھے۔ جڈیجہ ایک پوائنٹ کی کمی کے بعد چوتھے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ فہرست میں دوسرے آف اسپنر روی چندرن اشون ہیں جو769 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ اشون کو تین مقامات کا نقصان ہوا ہے ۔دیگر ہندوستانی بولروں میں محمد سمیع سات مقام کی گراوٹ کے بعد17 ویں سے24 ویں نمبر پر آ گئے ہیں ۔