کوہلی انڈیا کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے

ٹرینٹ برج ، 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے تیسرے ٹسٹ میچ میں انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ویراٹ کوہلی اپنے ملک کے دوسرے کامیاب ترین ٹسٹ کپتان بن گئے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے کامیاب کپتان مہندر سنگھ دھونی ہیں جنہوں نے 60 میچوں میں اپنے ملک کی قیادت کرتے ہوئے 27میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ 18 میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر سورو گنگولی موجود تھے جنہوں نے 49 میچوں میں قیادت کرتے ہوئے 21 مرتبہ ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کرایا اور 13 میں انہیں شکست ہوئی تھی۔ تاہم انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹسٹ میچ میں فتح کے ساتھ ہی کوہلی اب ہندوستان کے دوسرے کامیاب ترین ٹسٹ کپتان بن گئے ہیں۔ کوہلی نے اب تک 38میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 22 میں کامیابی نے ان کے قدم چومے اور 7 مرتبہ ہندوستانی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں 203 رنز سے کامیابی حاصل کی جو اس کی رنز کے اعتبار سے انگلینڈ کے خلاف تیسری بڑی فتح ہے۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح 1986 میں حاصل کی تھی جب اس نے ہیڈنگلے ٹسٹ میں میزبان ٹیم کو 279 رنز سے زیر کیا تھا جبکہ 2016 میں وشاکاپٹنم میں 246 رنز سے مات دی تھی۔