نہوال 50 ویں اور ثانیہ 100 ویںمقام پر موجود
نئی دہلی۔23مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی، مہندر سنگھ دھونی، بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کو پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جیسے عظیم ایتھلیٹوں کے ساتھ دنیا کے 100 اہم کھلاڑیوں کی ای ایس پی این فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹوں کے کپتان کوہلی نے ٹاپ 100 اہم کھلاڑیوں میں جہاں11 واں مقام حاصل کیا ہے وہیں دھونی ان سے 9مقام پیچھے 20 ویں مقام پر ہیں۔ دنیا بھر میں مختلف کھیلوں سے وابستہ 100 بہترین کھلاڑیوں کی جاری کی گئی فہرست میں جملہ11 ہندوستانی ایتھلیٹ ہیں جس میں 9 کرکٹر شامل ہیں۔ای ایس پی این نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ جن 11 ہندوستانی کھلاڑیوں کو فہرست میں شامل کیا گیاہے ان میں کوہلی11 ویں نمبر کے ساتھ ٹاپ ہندوستانی ہیں جبکہ دھونی20 ویں نمبر پر ہیں اس کے بعد روہت شرما (30)، سریش رائنا41ویں، یوراج سنگھ57 ویں، روی چندر اشون71 ویں، ہربھجن سنگھ 80 ویں،گوتم گمبھیر83 ویں اور شکھر دھون 94 ویں مقام پر ہیں۔کرکٹروں کے علاوہ دو ہندوستانی خاتون کھلاڑی بھی خود کو ٹاپ 100 ایتھلیٹوں کی فہرست میں شامل کروانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ ان میں گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں دو گولڈ میڈلس والی سائنا نہوال50 ویں نمبر پر اور سابق نمبر ایک ڈبلز ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا100 ویں نمبر پر ہیں۔دنیا میں فیس بک استعمال کرنے کے معاملے میں سب سے آگے رہنے والے ہندوستان میں شائقین نے اپنے کھلاڑیوں کو کئی بڑے غیرملکی کھلاڑیوں سے آگے نکلنے میں مدد کی اور آل راؤنڈر یوراج سنگھ57 ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے ۔دلچسپ بات ہے کہ آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کنگس الیون پنجاب کے لئے ناکام ثابت ہونے والے یوراج چار مرتبہ کے ایف ون عالمی چمپئن لوئس ہیملٹن سے آگے رہے جنیں 68 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ہربھجن سنگھ 80 ویں اور گمبھیر 83 ویں نمبر پر رہ کر فٹبال اسٹار رابرٹ لیوانڈو ووکی (84)اور ایڈن ہیزارٹ (85) سے آگے رہے ہیں۔ حالانکہ ریئل میڈرڈ کے پرتگالی کھلاڑی رونالڈو نے فہرست میں لگاتار تیسرے برس اپنا ٹاپ مقام یقینی کیا جبکہ این بی اے سوپر اسٹار لی بران جیمس اور بارسلونا اسٹار لیونل میسی کو دوسرا اور بالترتیب تیسرا مقام پر ہیں۔لاس بلانکوس کو لگاتار تیسری مرتبہ یو ایف چمپئنس لیگ فائنل میں اپنی کارکردگی کی بدولت کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے رونالڈو نے ای ایس پی این فہرست میں بھی لگاتار تیسری مرتبہ اپنے نمبر ون کے خطا ب کا دفاع کیا۔ رونالڈو کو سوشل میڈیا پر تقریباً 12 کروڑ17 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں۔ٹاپ10 کھلاڑیوں میں نیمر، ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر، ٹائگر ووڈس، کیون ڈورنٹ ، رافل نڈال، اسٹیفن کری اور فل مکلسن شامل ہیں۔ ایتھلیٹوں کو سوشل میڈیا پر ان کی شہرت کے علاوہ اسپانسر شپ معاہدے پر منتخب کیا جاتا ہے ۔