کوکٹ پلی میں نامعلوم خاتون کا قتل نوجوان گرفتار

حیدرآباد 31 اگست ( سیاست نیوز) کوکٹ پلی علاقہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں نامعلوم خاتون کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 تا 40 سال کے درمیان کی خاتون کو سمترا نگر آشا ہاسپٹل کے روبرو قتل کردیاگیا۔ پولیس کو ایک مقامی تاجر نے سمترا نگر بس اسٹاپ پر خاتون کی نعش موجود ہونے کی اطلاع دی جس پر انسپکٹر کوکٹ پلی مسٹر چندرا کانت موقع واردات پر پہنچ کر سائبر آباد کے سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو طلب کرلیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ خاتون کا گلہ کاٹ کر قتل کیاگیا ہے اور اس کی پیشانی پر گہرا زخم پایا گیا ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ تیز دھار ہتھیار سے حملہ کے بعد خاتون کا قتل کیاگیا ہے ۔پولیس نے کلوز ٹیم کے ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے جئے رام نگر کے ساکن 24 سالہ گُرم راجو نامی نوجوان کو فوری حراست میں لے لیا۔ انسپکٹر مسٹر چندرا کانت نے مزید بتایا کہ حراست میں لئے گئے نوجوان کی تفتیش کی جارہی ہے اور بہت جلد اس قتل کا معمہ حل ہوجانے کی امید ہے ۔