کوڑنگل میں مولانا محمد جمال الرحمن کا استقبال

کوڑنگل۔ 8 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت العلامہ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی صدر تنظیم تحفظ ختم نبوت و سرپرست امارت ملت اسلامیہ ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش جامعۃ السعود للبنات گلبرگہ (کرناٹک) میں ختم بخاری شریف کے درس کے بعد دیگر علمائے کرام کے وفد کے ہمراہ ذریعہ موٹر کار اچانک کوڑنگل آمد پر مدرسہ عربیہ دارالعلوم کوڑنگل میں والہانہ استقبال کیا گیا۔ مولانا حافظ محمد عبدالباسط رشادی صدر جمعیتہ العلماء کوڑنگل و ناظم مدرسہ ہذا، مولوی حافظ محمد نصیراحمد سراجی صدر مدرسہ، محمد عارف استاذ، حافظ محمد یوسف، سید محی الدین توکل فٹ ویر، غلام دستگیر اور وحید اسیرؔ نے مولانا محمد جمال الرحمن کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور جلیل القدر عہدہ پر ماموری کو فال نیک قرار دیا۔ مولانا موصوف نے طلبائے مدرسہ کو ضروری ہدایات و دعاؤں سے نوازا۔ مدرسہ سے متصل واقع مسجد عمرؓ بن خطاب میں کچھ دیر توقف کرتے ہوئے نماز عصر کی ادائیگی کے بعد وفد کے ارکان کے ہمراہ حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگئے۔