کوڑنگل ۔ 15 ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی کوڑنگل پر تلگودیشم پارٹی نے اپنی کمندڈال دی ہے ۔ زیڈ پی ٹی سی اور یم پی ٹی سی انتخابات میں حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں تلگودیشم پارٹی کا شاندار مظاہرہ دیکھا گیا ، جملہ پانچ منڈلوں کوڑنگل ، کوسگی ، مدور ، دولت آباد اور ممبرس پیٹ کے منجملہ چار زیڈ پی ٹی سی اور تین یم پی پی نشستوں پر اپنا قبضہ جمایا ہے ۔ غیرمعمولی طور پر موجودہ 2014 کے ادارہ جات مقامی انتخابی میں تلگودیشم پارٹی نے اپنی کامیابی کا جھنڈا لہرایا ، زیڈ پی ٹی سی امیدوار ان کوڑنگل میں شرنماں ، مدور میں انسویماں ، دولت آباد میں وینکماں اور ممبرس پیٹ میں جوتی ریڈی جیت گئے ہیں ۔ انتخابات کے جائزہ کے طور پر پارٹی آفس میں جناب حافظ محمد یوسف صدر منڈل ٹی ڈی پی کوڑنگل کی صدارت میں آج دس بجے دن خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ موصوف نے تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ زیڈ پی ٹی سی امیدواران کے علاوہ یم پی ٹی سی نشستوں پر بھی تلگودیشم پارٹی نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے ۔ تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کوڑنگل منڈل میں 7 ، کوسگی میں 7 ، دولت آباد میں 9 ، مدور میں 15 ، اور ممبرس پیٹ منڈل میں 11 نشستوں پر ٹی ڈی پی کی جیت ہوئی ہے ۔ مسٹر یوسف نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے مزید انکشاف کیا کہ حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں ریکارڈ کامیابی کی اصل وجہ رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی کی راست نگرانی میں دیہی علاقوں کیلئے کئے گئے فلاحی اقدامات ہیں جو ٹی ڈی پی کے تائیدی امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کرایا ۔ آخر میں مسٹر یوسف نے تلگودیشم کے شاندار مظاہرے کو عوام کی کامیابی قرار دیا ۔ اس موقع پر بیشتر پارٹی قائدین کے علاوہ دیگر منڈلوں کے صدور و اراکین وغیرہ کی کثیر تعداد تھی ۔