احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ڈاکٹر پرتاب چوہان کا عوام کو مشورہ
کوڑنگل ۔ 30 ؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل مستقر اور نواحی مقامات میں گرمی کی شدت میں روز افزوں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ دوپہر کے اوقات میں وقفہ وقفہ سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں ۔ گرمی کی شدت سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ گذشتہ روز شام پانچ بجے اسسٹنٹ سرجن گورنمنٹ سیول ہاسپٹل کوڑنگل مسٹر ڈاکٹر پرتاب چوہان نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ موجودہ طور پر گرمی کی حدت بہت زیاد ہے ۔ لہذا چھوٹے بچوں ‘ حاملہ خواتین اور ضعیف لوگوں کو لو سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹر موصوف نے بتایا کہ گھروں سے باہرنکلتے وقت ٹوپی ‘ چھتری ‘ ٹھنڈی عینکیں وغیرہ استعمال کی جائیں ۔ جہاں تک ہوسکے صبح گیارہ بجے تک اور شام چار بجے کے بعد ہی سفر کو ترجیح دیں ۔ لو سے بچنے کے لئے روزانہ تقریباً چار لیٹر پانی پئیں ۔ گرمی کی شدت کی وجہ سے جسم سے سوڈیم اور پوٹاسم پسینہ کی شکل میں خارج ہونے پر چکر آنے کا شدید خدشہ لاحق رہتا ہے ۔ ایسے ہر کس و ناکس کو چھانچ‘ ناریل کا پانی اور پینے کا پانی زیادہ مقدار میں استعمال کرنا چاہئے ۔ کمسن بچے گرمی کی شدت کی وجہ اگر ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوجائیں تو انہیں ناریل کا پانی اور چھانچ پلائی جائے ۔ ضعیف لوگوں کو لو لگ جانے کی صورت میں انہیں فوراٰ سرکاری دواخانہ سے رجوع کیا جائے ۔ بہرحال عوام دھوپ کے اوقات میں گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ ناگزیر حالات میں گھروں سے باہر نکلنا ہو تو چھتری ‘ ٹوپی وغیرہ استعمال کریں ۔