کوڑنگل۔/13مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل مستقر پر توسیع شاہراہ کا کام گزشتہ دو سال سے جاری ہے لیکن تاحال نامکمل ہے۔ اس ضمن میں بس اسٹانڈ کے دامن میں واقع امبیڈکر چوراہے سے متصل ایک مکان جو شاہراہ کے حدود میں تعمیر شدہے ہے اس مکان کے انہدام کیلئے عہدیداروں کی کوشش ناکام ثابت ہوئی۔ تفصیلات کے بموجب مذکورہ چوراہے کے موڑ پر کوڑنگل محبوب نگر شاہراہ پر واقع شرنپا مکان میں ہی ہوٹل کے چھوٹے موٹے کاروبار کیا کرتے ہیں۔ اس مکان کے انہدام کیلئے عہدیداران گزشتہ روز ایٹاچی موٹر گاڑی لیکر پہنچے اور پولیس بھی پہنچی۔ عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ شاہراہ کی توسیع کے ضمن میں شرنپا سے بارہا مکان کے تخلیہ پر زور دینے کے باوجود بھی شرنپا نے اس جانب توجہ نہیں دی۔ لہذا آر اینڈ بی ڈپٹی ای ای مسٹر سردار سنگھ، تحصیلدار روی کمار،ایم پی ڈی او نرسنگ راؤ، سرکل انسپکٹر پولیس مسٹر وشوا پرساد، سب انسپکٹر پولیس ستیہ نارائنا ریڈی موقع پر پہنچ گئے۔ آر اینڈ بی کی ملکیت میں مکان تعمیر شدہ ہونے پر کس لئے منہدم نہیں کیا گیا سوال کرنے پر مالک مکان شرنپا نے کہا کہ آر اینڈ بی کی جگہ پر مکان کی تعمیر کیلئے کیسے اجازت دی گئی۔ ٹیکس کس طرح وصول کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ مکان کے عدم تخلیہ پر جبراً منہدم کردیا گیا جائے ۔ بعد ازاں عہدیداروں نے بتایا کہ مالک مکان نے تخلیہ کے لئے تین دن کی مہلت مانگی ہے۔ موجودہ طور پر مکان کے سامنے موجود ٹین شیڈ کو نکال دینے کے مطالبہ پر شام تک ٹین شیڈ نکال دیا گیا جس سے وہاں پر موجود عوام اور عہدیداروں نے اطمینان کی سانس لی۔