کوڑنگل میں سرکاری دفاتر کیلئے ذاتی عمارتوں کا فقدان

ریونت ریڈی کی کامیاب مساعی سے کالجوں کی تعمیر کیلئے سات کروڑ روپیوں کی منظوری
کوڑنگل /29 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوڑنگل میں بیشتر سرکاری دفاتر خانگی کرایہ کی عمارتوں میں چلائے جارہے ہیں جو شدید مشکلات کا باعث ثابت ہو رہاہے ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کیلئے ذاتی عمارت نہ ہونے سے طلباء برادری کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ایک ہی عمارت میں باری باری سے صبح کے اوقات میں جونئیر کالج اور دوپہر کے اوقات میں ڈگری کالج کی کلاسیس چلائی جارہی ہیں ۔ اس ضمن میں مسٹر منوہر گوڑ پرنسپل ڈگری کالج نے رکن اسمبلی کوڑنگل مسٹر ریونت ریڈی کو تفصیلات سے آگاہ کروایا ۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے ا نکشاف کیا کہ کوڑنگل و کوسگی جونئیر کالجوں کی تعمیر کیلئے مبلغ سات کروڑ روپیوں کی خطیر رقمی منظوری عمل میں لائی گئی ہے ۔ عاجلانہ طور پر تعمیراتی کام کے آغاز پر زور دیا ۔ مزید کہا کہ ڈگری کالج کی ذاتی عمارت کی تعمیر کیلئے بہت جلد بڑے پیمانے پر فنڈس کی فراہمی کیلئے تگ و دو جاری ہے ۔ پالمپور یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر شیواراج سے ربط پیدا کیا جاکر اے این ایس ایس کیمپ کے انعقاد کیلئے اجازت نامہ کی اجرائی کیلئے خواہش ظاہر کی ۔ اس پروگرام میں ڈگری کالج پرنسپل ، رویندر کے علاوہ مقامی تلگودیشم پارٹی قائدین مسرز حافظ محمد یوسف نندارم پرشانت وغیرہ نے حصہ لیا ۔