عوام کی جانب سے پارٹی قائدین کا والہانہ استقبال ۔ بھاری اکثریت سے کامیا ب بنانے کا عزم
کوڑنگل ۔ 7 ؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقبل قریب میں منعقد شدنی مجوزہ انتخابات کے مدنظر متعلقہ سیاسی پارٹیوں کے قائدین و کارکن اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لئے شب و روز ہمہ تن مصروف ہیں ۔ حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں بھی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے ۔ گذشتہ روز ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و کانگریس رکن اسمبلی امیدوار حلقہ اسمبلی کوڑنگل مسٹر ریونت ریڈی کی تائید میں کوڑنگل کے نواحی مواضعات پرساپور ‘ اُڑیشورم میں کانگریس پارٹی قائدین مسرز حافظ محمد یوسف کانگریس منڈل پریسیڈنٹ کوڑنگل میں پرشانت سرینواس ‘ آصف علی خان ‘ شاکر قادری و ستپا انجی ‘ نارائنا ‘ گنڈپا ‘ نرسیا ‘ ریونت مترا منڈلی ممبرس وینکٹیش ‘ کرشنم راجو ‘ لچھمیا ‘ رمیش ‘ کرشنا اور مہیش وغیرہ نے پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد کے ہمراہ مذکورہ موضع میں گھر گھر پہنچ کر حلقہ اسمبلی کوڑنگل کی بے باک قائدانہ صلاحیت کی حامل شخصیت کانگریسی امیدوار ریونت ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی پر زور اپیل کی ہے ۔ عوام کی جانب سے مذکورہ قائدین کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے حسب سابق ریونت ریڈی کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ اس موقع پر مسٹر حافظ محمد یوسف کانگریس منڈل پریسڈنٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں عوام کانگریس دور اقتدار کے لئے بے چین ہے ۔ انکشاف کیا کہ کانگریس پارٹی کو ریاست میں امن و امان قائم رکھنے میں طرہ امتیاز حاصل رہا ہے ۔ ریونت ریڈی کی بدولت حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں گذشتہ دو معیاد کے دوران غیر معمولی ترقیاتی امور کی انجام دہی ہوئی ہے ۔ بین ریاستی شاہراہوں کے لئے فنڈس کی منظوری ‘ کوسگی میں آر ٹی سی بس ڈپو کی تعمیر کے لئے ذاتی صرفہ سے پانچ ایکر اراضی خرید کر محکمہ آر ٹی سی کے حوالہ کرنا ۔ حلقہ اسمبلی کے بیشتر مقامات پر متعدد برقی ٹرانسفارمرس ‘برقی کھمبے ‘ متعلقہ ساز و سامان وغیرہ کی فراہمی ‘ ہر گاوں میں سی سی روڈ کی تعمیر‘ تعلیمی ترقی کے تحت پالی ٹیکنیک کالج کے ساتھ ساتھ ماڈل اسکول کی منظوری عمل میں لائی گئی ۔ نیز مسٹر ریونت ریڈی نے اپنے کئے ہوئے وعدے کے مطابق مسلم اقلیتوں کے لئے بے مثال کارہائے نمایاں انجام دیتے ہوئے تاریخ رقم کی ہے ۔ گذشتہ 6 سالوں سے ہر سال پانچ عازمین حج کو اپنے ذاتی صرفہ سے ایک لاکھ پچیس ہزار روپیوں کی امداد رقم دے کر حج کیلئے روانہ کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں گذشتہ تین سالوں سے حلقہ اسمبلی کوڑنگل کی 65 نمائندہ مساجد کی ائمہ و موذنین و تراویح پڑھانے والے حفاظ کرام کی خدمات میں شب قدر کے موقع پر قیمتی ملبوسات کی فراہمی کا اعزاز حاصل رہا ہے ۔ گورنمنٹ جونیئر کالج کوسگی میں اردو میڈیم میں لکچررس کی عدم موجودگی پر گذشتہ پانچ سالوں سے اپنے ذاتی صرفہ سے ماہانہ 16,000/- روپئے بطور یافت ادا کرتے ہوئے اساتذہ کا انتظام وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ اسی طرح منڈل بمرس پیٹ میں بھی گذشتہ روز ریونت ریڈی کی تائید میں ریاستی قائدین نرسمہا اور سوریا ریڈی نے نمائندہ مواضعات ‘ ایروپ ملہ ‘ نامدارپور ‘ تمکی میٹلہ بمرس پیٹ ‘ برہان پور وغیرہ میں گھر گھر پہنچ کر حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے کانگریس پارٹی امیدوار اور ریونت ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے حلقہ اسمبلی کوڑنگل کی آن بان و شان وشوکت برقرار رکھنے کی پرزور اپیل کی ۔ اس پروگرام میں سرکردہ پارٹی قائدین مسرز وشال ‘ چنیا ‘ اور رگھو وغیرہ نے حصہ لیا ۔