کوڑنگل میں رمضان کی گہما گہمی

مساجد میں روح پرور مناظر، مصلیوں اور کمسن روزہ داروں کا ہجوم
کوڑنگل۔/21جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی روح پرور مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔ مسلمان عبادتوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔ ماہ مبارک کے آغاز سے قبل ہی مساجد کی آہک پاشی کے ساتھ ساتھ تزئین نو کرتے ہوئے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ کوڑنگل مستقر کے علاوہ اطراف و اکناف مواضعات و قصبات کی مساجد میں مصلیوں اور کمسن روزہ داروں کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے۔ ہر وقت قرآن کریم کی آیات کی گونج کی وجہ نورانی منظر کی کیفیت ہے۔ تمام چھوٹے بڑے اور معصوم بچے سبھی روزوں کا اہتمام کرتے ہوئے عبادتوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔ تراویح اور پنج وقتہ نمازوں کا سلسلہ جاری ہے۔جہاں رمضان المبارک میں عبادتوں میں مسلمان مصروف ہیں وہیں خرید و فروخت میں بھی قابل لحاظ اضافہ ہوگیا ہے۔ چھوٹا سا ایک سیب اور چھوٹا سا ایک انار 20 تا 25روپئے میں دستیاب ہورہا ہے۔ دیگر پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں۔ہر طرف مختلف قسم کے میوہ جات اور ہوٹلوں میں مختلف قسم کے پکوان روزہ داروں کو اپنی جانب راغب کررہے ہیں۔ مکانات میں خؤاتین بھی عبادتوں میں مشغول ہیں اور طرح طرح کے پکوان کرتے ہوئے خود کو مصروف کرلیا ہے۔ کوڑنگل کی قطب شاہی جامع مسجد میں رمضان المبارک میں افطار کا اہتمام بڑے ہی پُروقار انداز میں ہوتا ہے۔ یہ مسجد کوڑنگل کی شان اور پہچان ہے۔ رمضان المبارک میں ہر روز یہاں افطار کیلئے کثیر تعداد میں روزہ دار جمع ہوکر بڑے پُر نور انداز میں افطاری کا اہتمام کرتے ہیں۔افطار سے قبل قومی یکجہتی کے دلکش مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔