کوڑنگل:دواخانہ سرکاری کی زبوں حالی

کوڑنگل۔/3مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے عہدیداروں کو ڈر اور خوف کے سائے میں خدمات انجام دینے کی نوبت آن پڑی۔ سرکاری دواخانہ کوڑنگل کی عمارت انتہائی مخدوش ہوچکی ہے۔جس کی وجہ سے کارگذار عملہ جدید عمارت کی تعمیر عمل میںلا تے ہوئے اس میں منتقلی عمل میں آچکی ہے۔ فلیریا ، ٹی بی، ایچ آئی وی معائنہ مراکز سابقہ مخدوش سرکاری عمارت میں ہی کارگزار ہیں۔ مذکورہ دواخانہ بارش کے موسم میں مکمل ٹپکنے کی وجہ دیواریں بھیگ رہی ہیں۔ دواخانہ کے اطراف و اکناف واقع درختوں کی جڑیں دواخانہ کی دیواروں سے ہوتے ہوئے اندرونی حصہ میں داخل ہورہی ہیں۔ یہ عمارت کسی بھی وقت اچانک ملبہ میں تبدیل ہونے کے درپے ہے۔ یہاں پر کارگزار فلیریا، ٹی بی کے عہدیداران کے علاوہ ایچ آئی وی اسٹاف جان ہتھیلی میں لئے کام کررہے ہیں۔ عہدیداران بالا سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ فوراً اس جانب توجہ مرکوز کرتے ہوئے نئی عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے۔
٭٭ حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے نمائندہ منڈل دولت آباد میں واقع پرائمری ہیلت سنٹر کے احاطہ میں لاکھوں روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ سرکاری آیورویدک دواخانہ کی عمارت استعمال میں نہ ہونے سے ناقابل استعمال ہوکر رہ گئی ہے۔ موجودہ عمارت میں سہولیات کے فقدان کی وجہ خستہ حالت ہونے سے نئی عمارت کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے۔ معمولی بارش سے پانی اندر داخل ہوکر قیمت ادویات وغیرہ بھیگ جانے سے ناکارہ ہوتی جارہی ہیں۔ جدید عمارت کی تعمیر گزشتہ سال ہی مکمل ہوچکی ہے مگر تاحال افتتاح عمل میں نہیں آسکا۔ منڈل کے لوگ عہدیداران بالا سے ملتمس ہیں کہ وہ معائنہ کرتے ہوئے جدید عمارت کے استعمال کا انتظام کریں اور انہیں ممنون و مشکور ہونے کا موقع عطا کریں۔