کوچ وقار اپنی خفیہ رپورٹ عام ہوجانے پر پی سی بی سے نالاں

لاہور ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی کارکردگی پر مشتمل خفیہ رپورٹ کو عام کردینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند ’لوگ‘ کرکٹ کو تباہ کر رہے ہیں۔ وقار نے یہاں قذافی اسٹیڈیم کے باہر میڈیا سے بات چیت میں ریمارک کیا کہ ’’کرکٹ میں اتنی سیاست ہے کہ پارلیمنٹ میں بھی نہیں ہوگی‘‘۔ انھوں نے کہا: ’’میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ خفیہ رپورٹ کہاں سے اور کیوں باہر آئی؟‘‘ انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل سے اکتاہٹ ہوگئی ہے کیونکہ ہمیں ناکامی کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال کر دوسروں کو قربانی کا بکرا نہیں بنانا چاہئے۔ پاکستانی کوچ نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ میں اس لئے افسردہ ہوں کہ ’’تین دروازے دور بیٹھے ہونے کے باوجود میرے ساتھ فون پر بات کی جا رہی ہے، ان میں اتنی ہمت نہیں کہ سامنے آکر بات کر سکیں‘‘۔ ایک سوال پر وقار نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے سانحات کا اصل ذمہ دار کون ہے، انھیں معلوم نہیں اور اسی کو معلوم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرکٹ کے کپتان یا کوچ کا مسئلہ نہیں ہے، یہ مسئلہ کہیں زیادہ بڑاہے اس کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ انھوں نے ادعا کیا کہ رپورٹ میں وہی لکھا تھا، جو شاید کسی کو پسند نہ آیا ہو اورانھیں اعتراضات ہوں، اسی لئے اپنی پسندیدہ چیزیں نکال کر میڈیا کو دی گئیں۔ ’’کسی کا نام نہیں لوں گا، سب کو معلوم ہے کہ کہاں سے خبریں چلتی ہیں، ہماری کرکٹ کہاں تھی اور اب کہاں آگئے ہیں، کرکٹ میں اتنی سیاست، اتنی زیادہ سیاست کہ پارلیمنٹ میں بھی ایسی سیاست نہیں ہوتی ہوگی۔‘‘