کوچنگ کے عہدے کیلئے آج کرسٹن اوردیگر کا انٹرویو

ممبئی۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم کیلئے کل 3 امیدواروں کا بی سی سی آئی کے سلیکشن پیانل کی جانب سے انٹرویو لیا جائے گا جس میں 2011 ء آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان کو عالمی چمپین بنانے میں کلیدی رول ادا کرنے والے مرد ٹیم کے سابق کوچ گیری کرسٹن اور ان کے سابق ساتھی اوپنر ہرشل گبس قابل ذکر ہیں جبکہ رمیش پوار کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ ویمنس ٹیم کی کوچنگ کے عہدہ کیلئے 28 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جس میں مذکورہ تین امیدواروں کے علاوہ ڈبلیو وی رمن، وینکٹیش پرساد، منوج پربھاکر، ٹرینٹ جانسن، مارک کولیس، دیمتری میسکرن ہاس اور براڈ ہاگ بھی شامل ہیں۔ مذکورہ کھلاڑیوں کا جو سلیکشن پیانل انٹرویو لے گا، اس میں ہندوستانی سابق کپتان کپل دیو، انشومن گوائیکواڈ اور شانتا رنگاسوامی موجود ہیں۔ ذرائع کے بموجب بیرونی ممالک کے امیدوار اپنا انٹرویو آن لائن اسکائپ کے ذریعہ دیں گے جبکہ پوار اور دیگر مقامی امیدوار شخصی طور پر حاضر ہوں گے۔ بی سی سی آئی کے عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اڈھاک پیانل میں جو کھلاڑی موجود ہیں، وہ باصلاحیت ہیں اور امید ہے کہ کوچنگ کیلئے بہترین امیدوار کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ واضح رہے کہ پوار کی متنازعہ عبوری میعاد 30 نومبر کو مکمل ہوچکی ہے جبکہ خاتون ورلڈ کپ میں میتھالی راج کو اہم موقع پر سیمی فائنل میں ٹیم میں شامل نہ کرنے کے فیصلے کے بعد پوار کا مسئلہ متنازعہ بنا ہے۔