کوٹہ کیلئے قومی سطح پر ایجی ٹیشن کرنے ہاردک پٹیل کا اعلان

گجر اور کُرمی کے بشمول مختلف طبقات کے 27 کروڑ عوام کیلئے تحفظات کے مطالبہ میں شدت پیدا کی جائے گی
نئی دہلی ۔ /30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہاردک پٹیل جنہوں نے گجرات میں پٹیل طبقہ کیلئے کوٹہ احتجاج شروع کیا ہے آج اعلان کیا کہ وہ ملک بھر میں کوٹہ ایجی ٹیشن شروع کریں گے ۔ گجر اور کُرمی طبقات کے بشمول مختلف طبقات کے 27 کروڑ عوام کیلئے تحفظات فراہم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کریں گے ۔ 21 سالہ لیڈر نے دارالحکومت دہلی پہونچکر مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین سے سلسلہ وار ملاقات کی اور کہا کہ تحفظات کے لئے ان کا احتجاج صرف ایک مراٹھن یعنی 100 میٹر کی دوڑ نہیں ہوگا بلکہ یہ احتجاج سارے ملک میں ہوگا ۔ وہ ملک کے مختلف حصوں میں بڑی ریالیاں نکالیں گے تاکہ ان کے احتجاج کو شدت و وسعت دی جاسکے ۔ گجرات میں جو کچھ ہوا ہے ہم اب اس کو قومی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں ۔ 12 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے عوام سے رابطہ قائم کیا جائے گا ۔ ہاردک پٹیل نے احمد آباد میں /25 اگست کو ایک کثیر ریالی نکالی تھی تاکہ او بی سی زمرہ کے تحت پٹے دار طبقہ کیلئے کوٹہ دینے پر زور دیا جاسکے ۔ اس ریالی کے بعد ان کی گرفتاری سے ریاست گجرات میں تشدد بھڑک اٹھا تھا ۔ تشدد میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں ایک پولیس کانسٹبل بھی شامل ہے ۔ تشدد کے واقعات نے ریاستی نظم و نسق کو مضطرب کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ احتجاج اپنے طبقہ کیلئے کررہا تھا اب اس کو ملک بھر میں پھیلایا جائے گا ۔ یہ ایجی ٹیشن صرف 100 میٹر کی دوڑ نہیں ہوگا بلکہ یہ احتجاج ایک تا دو سال تک لگاتار جاری رہے گا ۔ میں چاہتا ہوں کہ ملک بھر میں مختلف طبقات کے 27 کروڑ عوام کو ساتھ لیکر ان کے لئے کوٹہ کا مطالبہ کروں ۔ یہ لوگ بھی ہماری مدد کریں گے اور جب کبھی ضرورت ہوگی یہ لوگ قومی شاہراؤں کو روک دیں گے ۔ ہم لکھنؤ ، جنتر منتر اور دیگر مقامات پر ایک میگا ریالی نکالیں گے ۔ ہم ہندوستان کی پٹیل برادری سے اپیل کریں گے ۔ وہ اس احتجاج کو کامیاب بنائیں ۔ ہر ایک طبقہ سے تعلق رکھنے والے غریب کے لئے تحفظات کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک تحفظات کے باعث 60 سال پیچھے چلا گیا ہے اور ہندوستان سوپر پاور ملک بننے سے رہ گیا ۔