کونسل انتخابات ‘ کانگریس اور این سی پی کا اتحاد

ممبئی 19 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس اور این سی پی امکان ہے کہ مہاراشٹرا میں قانون ساز کونسل کی گیارہ نشستوں کیلئے ہونے والے انتخابات کیلئے اتحاد کرلیں۔ یہ انتخابات مجالس مقامی ‘ گریجویٹس اور ٹیچرس حلقوں کے تحت ہونے والے ہیں۔ ان نشستوں کے ارکان کی معیاد 5 ڈسمبر کو ختم ہورہی ہے ۔ ان گیارہ میں این سی پی کے پاس سب سے زیادہ پانچ ارکان ہیں جبکہ کانگریس ‘ بی جے پی اور آزاد ارکان فی کس دو دو نشستیں رکھتے ہیں۔ جن ارکان کی معیاد ختم ہو رہی ہے ان میں اہم منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ رنجیت پاٹل ( بی جے پی ) شامل ہیں۔ کانگریس اور این سی پی کے مابین اس تعلق سے ابتدائی دور کی بات چیت گنیش تہوار سے قبل ہوئی تھی جس میں فیصلہ ہوا تھا کہ دونوں جماعتیں مشترکہ مقابلہ کرینگی ۔ این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ این سی پی اور کانگریس ان نشستوں کیلئے مقابلہ کرینگی جہاں اس کے ارکان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے قطعی فیصلہ کرنے دونوں جماعتوں کے قائدین کا ایک اور اجلاس منعقد ہوگا ۔ یہ انتخابات برسر اقتدار بی جے پی کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اور وہ اپنی تعداد میں اضافہ کی کوشش کریگی جبکہ این سی پی واحد بڑی جماعت کا موقف برقرار رکھنے تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے ۔