نظام آباد میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے کئی دعویدار
نظام آباد:29؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مقامی ادارہ جات کے قانون ساز کونسل کے انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ٹی آرایس اور کانگریس امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے سرگرم ہوگئے ہیںاور 2؍ دسمبر سے پرچہ نامزدگی کا آغاز ہورہا ہے ۔ٹی آرایس کی جانب سے ڈاکٹر بھوپت ریڈی کا نام گشت کررہا ہے جبکہ ٹی آرایس قائد ایس اے علیم بھی ٹکٹ کے دعویدار ہے۔ پارٹی اراکین اسمبلی اور چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر رائو ڈاکٹر بھوپت ریڈی کے نام کو قطعیت دینے کی بھی اطلاع ہے۔ جبکہ کانگریس سے طاہر بن حمدان صدر ضلع کانگریس کے علاوہ سابق زرعی مارکٹ کمیٹی کے صدر ناگیش ریڈی اور انتی ریڈی راج ریڈی کے نام گشت کررہے ہیں۔ قانون ساز کونسل کیلئے ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی، اراکین بلدیہ، میونسپل کارپوریٹرس کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ کانگریس سے منتخب بیشتر اراکین برسراقتدار جماعت ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ پارٹی وہپ کے ذریعہ ان پر دبائو ڈالنے کیلئے کانگریس پارٹی منصوبہ بندی کررہی ہے اس کے علاوہ برسراقتدار جماعت کے مقابلہ میں کانگریس پارٹی کے امیدوار انتخابات میں حصہ لینے سے گریز کررہے ہیں۔ ضلع کانگریس کی جانب سے طاہر بن حمدان کو ٹکٹ دینے کی صورت میں اقلیتوں کی ہمدردی حاصل ہوگی اور عوام کی تائید بھی حاصل ہونے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے کانگریس پارٹی ان کے نام پر غور کرنے کی اطلاع ہے۔ اس خصوص میں کانگریس ہائی کمان دہلی میں ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے پردیش کانگریس صدر اتم کمار ریڈی، اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی، محمد علی شبیر کو دہلی طلب کیا ہے اور ان دونوں کے مشورہ کے بعد امیدوار کے نام کے اعلان کئے جانے کے امکانات ہیں۔ ضلع میں قانون ساز کونسل کے انتخاب میں کانگریس اور ٹی آرایس کے درمیان مقابلہ رہیگااوراندرون دو یوم دونوں جماعتوں کے امیدواروں کے ناموں کے اعلانات کئے جائیں گے۔