کولکتہ کا آج ممبئی کے خلاف دلچسپ مقابلہ متوقع

کٹک ۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 7 کی سرفہرست ٹیم کنگس الیون پنجاب کو اپنے گذشتہ مقابلہ میں شکست دینے کے بعد کولکتہ نائیٹ رائیڈرس ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہیں اور وہ کل ممبئی انڈینس کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہوگی۔ گذشتہ مقابلہ میں دونوں ٹیموں کا سامنا متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلہ میں ہوا تھا جہاں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کا بہتر آغاز کیا تھا۔ کولکتہ اس کامیابی کے بعد فتوحات کیلئے جدوجہد کررہی تھی لیکن گذشتہ دو مقابلوں میں یکے بعد دیگرے کامیابی اور خصوصاً یہیں کٹک میں طاقتور ترین پنجاب کے خلاف کامیابی میں گوتم گمبھیر کی زیرقیادت ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند کردیئے ہیں۔

کل کے مقابلہ میں کولکتہ 9 مقابلوں کے بعد 4 فتوحات کے ذریعہ ٹورنمنٹ کی چوتھی ٹیم کی بحیثیت شرکت کرے گی اور کامیابی کے ذریعہ پلے آف میں رسائی کے امکانات کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ کولکتہ کیلئے خوش آئند ہیکہ اس کا بیٹنگ شعبہ دہلی ڈیر ڈیولس اور پنجاب کے خلاف بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا ہے۔ کپتان گوتم گمبھیر کے علاوہ رابن اتھپا، منیش پانڈے نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جبکہ بولروں نے پنجاب کو 149 رنز تک محدود رکھتے ہوئے اپنے اعتماد کو بلند کیا ہے۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس نے سن رائزس حیدرآباد کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے پلے آف میں اپنی رسائی کے امکانات کو برقرار رکھا ہے۔ ممبئی کیلئے کپتان روہت شرما اور کیرن پولارڈ کے علاوہ گذشتہ مقابلہ میں امباتی رائیڈو کی نصف سنچری مثبت نتیجہ ہے۔