کولکتہ میں کانگریس کی ریالی ، احتجاجی مظاہرہ

حکومت کے فینانشیل بل 2017 کے خلاف احتجاج
کولکتہ ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کانگریس نے آج آر بی آئی آفس کے باہر ایک احتجاجی ریالی نکالی اور حکومت کے متنازعہ فینانشیل ریزولیشن اینڈ ڈپازٹس انشورنس بل 2017 کے خلاف احتجاج کیا۔ ریاستی کانگریس کے چیف وہپ کی زیرقیادت پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین نے اس احتجاجی ریالی میں حصہ لیا۔ ریاستی اسمبلی میں کانگریس کے چیف وہپ منوج چکرورتی نے کہا کہ حکومت کے اس بل سے عوام اپنی عمر بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوجائیں گے۔ اگر یہ بل منظور ہوتا ہے تو کھاتے داروں کا نقصان ہوگا۔ ہم اس بل کی آخری تک مخالفت کریں گے۔ ہم بل کو واپس لینے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ کانگریس کے سینکڑوں ورکرس نے مرکز کی بی جے پی زیرقیادت حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ آر بی آئی دفتر کے باہر کانگریس قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔