کولکتہ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی امکان ہے کہ آج ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر گجرات کے ہمراہ بی جے پی کے قومی صدر راج ناتھ سنگھ بھی دوپہر کولکتہ ایرپورٹ پہونچیں گے۔ جہاں سے اُنھیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ریس کورس ہیلی پیاڈ منتقل کیا جائے گا۔ وہاں سے وہ بذریعہ کار بریگیڈ گراؤنڈس پہونچیں گے۔ نریندر مودی کا جلسہ عام ریاست مغربی بنگال میں بی جے پی کی لوک سبھا انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ اِس جلسہ عام کے لئے بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ گجرات پولیس کی ایک ٹیم قومی صیانتی گارڈ کے کنٹینجنٹ کے ہمراہ کولکتہ میں عارضی طور پر مقیم ہے۔ مقامی پولیس بھی حفاظتی انتظامات میں مصروف ہے۔ اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ مغربی بنگال میں حکمران ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی کے علاوہ ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی سی پی آئی ایم بھی نریندر مودی کی سخت مخالف ہے۔