کولمبو، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)سری لنکا کے آف اسپنر تھریندو کوشل کے خلاف ہندوستان کے ساتھ تیسرے ٹسٹ کے دوران مشتبہ غیرقانونی بولنگ ایکشن ہونے کی شکایت کی گئی ہے ، جو گزشتہ روز یہاں سنہالیز اسپورٹس کلب میں اختتام پذیر ہوا ۔ آئی سی سی کے میڈیا ریلیز میں بتایا گیا کہ میچ کے عہدیداروں کی رپورٹ جو سری لنکا مینجمنٹ کے حوالے کی گئی ، اُس میں 22سالہ کوشل کے بولنگ ایکشن کی واجبیت کے تعلق سے شبہات ظاہر کئے گئے ہیں۔ کوشل نے ہندوستان کے خلاف تین ٹسٹ میچوں میں معقول مظاہرہ کرتے ہوئے 13 وکٹیں لئے جن میں گال میں میزبان ٹیم کی فتح میں 8 وکٹیں شامل ہیں۔ کوشل کے بولنگ ایکشن کی اب آئی سی سی کے طریقہ کار کے مطابق تنقیح کی جائے گی اور انھیں اندرون 14 یوم جانچ سے گذرنا ہوگا ۔
مشرف مرتضیٰ کیلئے
بنگلہ دیشی پولیس میں اعزازی عہدہ
ڈھاکہ، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے ونڈے کپتان مشرف مرتضیٰ کو جلد ہی بنگلہ دیشی پولیس میں اعزازی عہدہ ملنے والا ہے۔ ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کے پیش نظر پولیس حکام نے انہیں اس طرح سے خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کھلنا رینج کے ڈی آئی جی منیر الزماں کے مطابق وہ ونڈے کپتان کو ان کی شاندار خدمات کے صلے میں یہ اعزازی عہدہ دینا چاہتے ہیں لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ مرتضیٰ کو کون سا عہدہ دیا جائے گا۔ مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ جب انہیں پیشکش کی جائے گی تو وہ اس عہدہ کو قبول کرلیں گے۔ بنگلہ دیش ورلڈ کپ کوارٹر فائنلس تک پہنچا تھا۔