دبئی ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکائی اسپنر تھریندو کوشل کی ’دوسرا‘ گیند کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے انھیں ایسی گیندیں پھینکنے سے منع کردیا ہے۔ تاہم انھیں آف اسپن بولنگ جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کے بیان کے مطابق بولنگ ایکشن کے تجزیہ میں واضح ہوا کہ کوشل کی تمام گیندوں میں کہنی کا خم آئی سی سی کی جانب سے مقررہ 15 ڈگری کے خم کے اندر تھا۔ تاہم نتائج میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کوشل کی ’دوسرا‘ گیند میں کہنی 15 ڈگری سے زیادہ خم کھا رہی تھی اور اب وہ عالمی سطح پر یہ گیند مزید نہیں پھینک سکیں گے۔ نوجوان آف اسپنر کوشل اب تک چھ ٹسٹ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں اور رنگنا ہیراتھ کی سبکدوشی کے بعد سری لنکن اسپن اٹیک کی ذمے داری اُن ہی کے سر ہو گی۔ ان کا ایکشن اگست میں ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں مشکوک پایا گیا تھا۔ اس سیریز میں انھوں نے 13 وکٹیں حاصل کئے تھے۔