ونپرتی۔/11جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ونپرتی کے کوتہ کوٹہ منڈل کے تحصیلدار ملکارجن راؤ رئیل اسٹیٹ کاروبار سے دیڑھ لاکھ روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھ پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے متوطن پون نامی شخص جو حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ کاروبار کرتا ہے اراضی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے تحصیلدار سے رجوع ہونے پر تحصیلدار نے دیڑھ لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا۔ جس پر رئیل اسٹیٹ کاروباری شخص اے سی بی سے رجوع ہوا۔ آج صبح کوتہ کوٹہ نیشنل ہائی وے پر واقع پرمیڈ دھابہ کے پاس کوتہ کوٹہ تحصیلدار کو رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھ اے سی بی عہدیداروں نے پکڑ لیا اور تحقیقات کا آغاز کیا۔
مدور کے ٹیچرس کے تبادلے
مدور۔/11جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی سطح پر ہورہے اسکولی ٹیچرس کے آپسی تبادلوں کے ضمن میں ہائی اسکول مدور پر برسر خدمت مختلف اساتذہ کے بھی مختلف مقامات پر تبادلے کئے گئے ہیں۔ محترمہ شکیلہ بانو اردو پنڈت ضلع پریشد ہائی اسکول مدور کا ہائی اسکول جنگاؤں پر تبادلہ کردیا گیا ہے۔ جناب محمد خواجہ مجتہد الدین ولد جناب خواجہ محسن الدین صدر تلنگانہ مسلم ایمپلائز اسوسی ایشن ضلع جنگاؤں کا بحیثیت فزیکل سائینس ٹیچر ہائی اسکول جنگاؤں سے ضلع پریشد ہائی اسکول مدور پر تبادلہ کردیا گیا ہے۔ جبکہ یہاں پر برسر خدمت ڈاکٹر محمد خواجہ شفیع احمد زاہد فزیکل سائینس اسکول اسسٹنٹ کا مدور ہائی اسکول سے ضلع پریشد ہائی اسکو سلاخـپور پر تبادلہ کردیا گیا ہے۔