کوالیفائر 2 : آر سی بی ۔ سی ایس کے ٹکراؤ ، کپتانی کی آزمائش اہم

رانچی ، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یہ کپتانوں کی مسابقت ہونے جارہی ہے جبکہ طاقتور چینائی سوپر کنگس جس کی قیادت چالاک مہندر سنگھ دھونی کرتے ہیں، جارحانہ ویراٹ کوہلی کے پُراعتماد رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف انڈین پریمیر لیگ ۔ 8 کے دوسرے کوالیفائر میں کل یہاں صف آراء ہورہے ہیں۔ کل مقررہ دوسرا کوالیفائر دم بخود مقابلہ ثابت ہونے کی توقع ہے کیونکہ سی ایس کے اور آر سی بی دونوں ٹیمیں اپنی بھرپور توانائی جھونک دیں گے کہ اتوار کے سب سے زیادہ اہم خطابی مقابلے میں اپنی جگہ پکی کرسکیں۔ یہ میچ ہندوستان کے لمیٹیڈ اوورز اور ٹسٹ کپتانوں کے درمیان قائدانہ صلاحیتوں کی لڑائی بھی رہے گی کیونکہ دھونی اور کوہلی کی حکمت عملی کی کل آزمائش ہوگی۔ لیکن اگر ماضی کے ریکارڈ کو دیکھیں تو سی ایس کے بلاشبہ آر سی بی کے خلاف پسندیدہ ٹیم کے طور پر آغاز کریں گے۔ آئی پی ایل کے جاریہ ایڈیشن میں دونوں موقعوں پر جبکہ یہ ٹیمیں مدمقابل آئیں، سی ایس کے کو آر سی بی پر فتح حاصل ہوئی۔

دھونی کے کھلاڑیوں نے آر سی بی کو اس ٹورنمنٹ کے لیگ مراحل میں ترتیب وار 27 اور 24 رنز سے ہرایا تھا۔ مگر اب موجودہ فام نہ کہ ریکارڈز کا معاملہ ہے جو میچز جِتواتا ہے اور آر سی بی کو اس محاذ پر سی ایس کے پر کچھ برتری ہے۔ سی ایس کے کا حوصلہ فرسٹ کوالیفائر میں ضرور پست ہوا ہوگا جہاں وہ ممبئی انڈینس کے مقابل 25 رنز سے ہار گئے لیکن سابقہ چمپینس کو بمشکل کچھ وقت ملا کہ اس ناکامی پر غوروخوض کرپائیں اور انھیں اگر اس ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے فائنل میں ریکارڈ چھٹی مرتبہ داخل ہونا ہو تو اپنی تمام تر توانائیوں کو تیزی سے مجتمع کرنے کی ضرورت ہے۔ سی ایس کے دراصل آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے ٹائٹل دو مرتبہ متواتر (2010ء اور 2011ء) جیتا اور خطابی مقابلے میں ابھی تک پانچ بار شرکت کی ہے۔ لیکن یہ سی ایس کے کیلئے کہنا آسان، کرنا مشکل والا معاملہ ہوسکتا ہے کہ آر سی بی کے بلند حوصلہ قدم اُکھاڑ دیئے جائیں

اور دھونی زیر قیادت ٹیم کو جیت کا موقع پانا ہی ہو تو اپنے بیٹنگ شعبے کی طرف سے اجتماعی مظاہرے کی ضرورت پڑے گی۔ اُن کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے برینڈن مک کلم کی روانگی نے شاید ٹیم کو شدید چوٹ پہنچائی کیونکہ اس سیزن سی ایس کے کی کامیابی اکثر و بیشتر جارحانہ کیوی بیٹسمن کی طرف سے اچھی شروعات پر منحصر رہی تھی۔ مک کلم لیگ مرحلے کے بعد نیشنل ڈیوٹی کیلئے روانہ ہوگئے اور سی ایس کے کو اُن کی کمی فوری ہی فرسٹ کوالیفائر بمقابلہ ممبئی انڈینس میں محسوس ہوئی۔ اُس میچ میں 187 کے بڑے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے سی ایس کے والے 25 رنز کم رہ گئے اور 162 پر آل آؤٹ کردیئے گئے۔ فاف ڈوپلیسی، سریش رائنا، ڈوین براوو سب کی شروعاتیں اچھی ہوئیں جس کے بعد وہ اپنی وکٹیں دے کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری طرف بیٹنگ کے معاملے میں بھاری بھرکم آر سی بی کا حوصلہ کل منعقدہ ایلیمنیٹر میں راجستھان رائلز کے مقابل شاندار جیت کے بعد بلند ہے۔ آر سی بی نے رائلز کو یکطرفہ مقابلے میں 71 رنز سے شکست دے کر سکنڈ کوالیفائر میں سی ایس کے ٹیم کے ساتھ میچ مقرر کرلیا۔ 180/4 کا بڑا اسکور کھڑا کرنے کے بعد آر سی بی نے رائلز کو محض 109 پر چلتا کردیا۔ بڑے شاٹس لگانے والے کرس گیل، کوہلی، اے بی ڈی ولیرس، مندیپ سنگھ، دنیش کارتک و دیگر کی موجودگی میں آر سی بی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ہے۔ درحقیقت، ڈی ولیرس (512 رنز) اور گیل (450 رنز) ان تین بیٹسمنوں (راجستھان رائلز کے شین واٹسن تیسرے) میں سے دو ہیں جو آئی پی ایل کے اِس ایڈیشن میں سنچری اسکور کرچکے ہیں۔ گیندبازی کے محاذ پر بھی آر سی بی نے کل رات ہر کسی کو متاثر کیا۔ لیفٹ آرم پیسر مچل اسٹارک شروعات میں غیرمعمولی مظاہرہ کررہے ہیں اور اُن کی اچھی طرح سے مدد سریناتھ اروند، ہرشل پٹیل اور ڈیوڈ ویزا نے کی ہے۔ اسپنر یزویندر چاہل نے بھی خوب مظاہرہ کیا ہے۔