حیدرآباد ۔ /18 جولائی (سیاست نیوز)کینیڈا بھیجنے کے بہانے 4 نوجوانوں کو دھوکہ دینے والے باپ اور بیٹے کے خلاف پولیس رین بازار نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ انسپکٹر رین بازار محمد جاوید کے بموجب 70 سالہ ماجد قادری اور ان کے دو بیٹے محمد وسیم قادری اور محمد اعجاز گزشتہ چند عرصہ سے بیرونی ممالک کو بھیجنے کیلئے کنسلٹنسی چلارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے مرزا ثناء اللہ بیگ ، محمد عمران ، شیخ سید برہان اور محمد محسن علی خان سے بیرونی ممالک کا ویزا دلانے کا دعویٰ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپئے حاصل کرلئے اور ان کے پاسپورٹ بھی اپنے قبضے میں کرلئے ۔ نوجوانوں کی جانب سے بیرونی ممالک بھیجنے میں تاخیر کے نتیجہ میں ان سے مسلسل ربط پیدا کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی جس کے سبب رین بازار پولیس سے شکایت درج کروائی گئی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔