ریاض 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کنگ فہد یونیورسٹی برائے پٹرولیم و معدنیات دہران کے گریجویٹ کورسیس کے لئے داخلے کھل گئے ہیں جس میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی کورسیس بھی شامل ہیں۔ طالب علموں کو مکمل وظائف کے ذریعہ مالیہ فراہم کیا جاتا ہے۔ تحقیق کے لئے اعلیٰ درجہ میں سفر اور مکمل طور پر تعلیمی ماحول کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ امریکہ اور دنیا بھر کے تمام علاقوں سے تقریباً 200 طلبہ نے یونیورسٹی سے اسناد حاصل کی ہیں۔ درخواست داخل کرنے کی کوئی فیس نہیں ہے۔ درخواست وصول ہونے کی آخری تاریخ 27 فبروری ہے۔ اِس یونیورسٹی کے کئی بین الاقوامی اداروں کے ساتھ امتیازی شراکت داری ہے جن میں اسٹینفورڈ، کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، ٹکنیکل یونیورسٹی میونخ، کیمبرج یونیورسٹی وغیرہ وغیرہ شامل ہیں۔ مہارت کی تحقیق کے مراکز مختلف مقامات پر قائم کئے گئے ہیں۔ تحقیقی ادارہ تحقیقی سرگرمیوں کی بنیاد ہے
اور تحقیق کے لئے خصوصی مدد بھی فراہم کرتا ہے۔ یونیورسٹی کے تحقیقی گروپس کی تعداد سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں 13 ہے۔ مزید تفصیلات http://www.kfupm.edu.sa/dsr/ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کے 27 کورسیس موجود ہیں۔ آن لائن درخواستیں بھی قبول کی جائیں گی۔ لازمی دستاویزات کی تفصیلات ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں۔ دستاویزات اور درخواست کے بغیر کوئی بھی کارروائی نہیں کی جائے گی۔