محض 33 رنز میں دہلی کے 6کھلاڑی آؤٹ ، سندیپ شرما کا عمدہ مظاہرہ، 20 رنز پر 4 وکٹس
موہالی۔30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کنگز الیون پنجاب کے تیز گیند باز سندیپ شرما نے اپنے کیریئر کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 20 رن پر چار وکٹ لے کر دہلی ڈئیر ڈیولس کو آئی پی ایل 10 کے مقابلے میں اتوار کو 17.1 اوور میں محض 67 رنز پر ڈھیر کر دیا۔دہلی نے آئی پی ایل کا اپنا سب سے کم اسکور بنایا اور ساتھ ہی آئی پی ایل میں پہلی اننگز میں سب سے کم اسکور کی برابری بھی کر لی۔یہ آئی پی ایل کا تیسرا سب سے کم اسکور اور موجودہ ٹورنامنٹ میں کسی ٹیم کا دوسرا سب سے کم اسکور ہے ۔رایل چیلنجرز بنگلور نے اسی ٹورنامنٹ میں 49 رنز بنائے تھے ۔دہلی کے بیٹسمنوں نے انتہائی شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔دہلی کی بیٹنگ کی حالت یہ تھی کہ33 رن تک اس کے چھ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور اس نے اپنے آخری چار وکٹ صرف آٹھ رن جوڑ کر گنوا دیے ۔تیز گیند باز سندیپ شرما نے اپنی ٹیم کے گھریلو میدان موہالی میں کھیلے گئے آئی پی ایل 10 کے دوسرے مقابلے میں قہر برپا کرتے ہوئے سرفہرست چار میں سے تین بیٹسمنوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔سندیپ نے چار اوور میں صرف 20 رنز دے کر چار وکٹ اور 25 رن پر چار وکٹ کے اپنے گزشتہ بہترین مظاہرہ کو بہتر کر لیا۔سندیپ نے سیم بلنگس (0)، سنجو سیمسن (5)، شریس ایر (22) اور کیگسو ربادا (11) کے وکٹ حاصل کئے ۔ لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل نے کپتان کرون نائر (11) اور کرس مورس (2) کو آؤٹ کیا۔پٹیل نے چار اوور میں 22 رن پر دو وکٹ لئے ۔نائر نے زخمی ظہیر خان کی جگہ اس میچ میں ٹیم کی کپتانی سنبھالی لیکن وہ 10 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے 11 رن ہی بنا سکے ۔تیز گیند باز ورون آرون نے دو اوور میں محض تین رن پر دو وکٹ لئے ۔آرون نے کوری اینڈرسن (18) اور محمد سمیع (2) کو آؤٹ کیا۔پنجاب کے کپتان گلین میکسویل نے نوجوان بلے باز رشبھ پنت (3) کو ایل بی ڈبلیو کیا۔موہت شرما نے شہباز ندیم (0) کا وکٹ لیا۔دہلی کی اننگز میں صرف تین چوکے اور دو چھکے لگے ۔نائر اور اینڈرسن نے ایک ایک چھکا مارا۔ سیمسن ، ایر اور ربادا نے ایک ایک چوکا لگایا۔دہلی کے بیٹسمنوں نے وکٹ پر ٹکنے کا کوئی جذبہ نہیں دکھایا اور پوری ٹیم شرمناک طریقے سے 17.1 اوور میں 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔