ابوظہبی 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کنگس الیون پنجاب کے فاسٹ بولر مچل جانسن نے کہا کہ ان کی ٹیم ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ متوازن ہے کیونکہ ان کی ٹیم نے کل کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف بلے بازوں کے دم پر نہیں بلکہ بولرس کی کاوشوں سے میچ میں کامیابی حاصل کی ہے ۔پنجاب نے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو کل کے میچ میں کامیابی کیلئے 132 رنوں کا نشانہ دیا تھا تاہم اس کے بولرس نے کولکتہ کو یہ نشانہ حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا ۔ جانسن نے آئی پی ایل کی ویب سائیٹ کو بتایا کہ جب آئی پی ایل کیلئے ہراج ہو رہا تھا وہ آسٹریلیائی ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقہ کے دورہ پر تھے اور جب ٹیم کو قطعیت دیدی گئی تھی اسی وقت انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کی ٹیم سب سے متوازن ٹیم ہے اور یہ آل راونڈ ٹیم بھی ہے ۔ ان کا یہ کہنا کل ہوئے میچ میں درست ثابت ہوا ہے ۔ان کی ٹیم ٹورنمنٹ میں بہتر اور مستقل مزاجی سے مظاہرہ کر رہی ہے ۔