حیدرآباد 17 فبروری (سیاست نیوز) کندیکل ریلوے برج کے قریب آج صبح ایک نوجوان خاتون کی نعش برآمد ہوئی جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 روحینہ فاطمہ ساکن احمد نگر پھول باغ چندرائن گٹہ کی نعش آج صبح 7 بجے ریلوے ٹریک پر دستیاب ہوئی۔ مقامی عوام نے نعش کو دیکھ کر پولیس کو آگاہ کیا۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے مقام واردات کا معائنہ کیا ۔ پولیس اسٹیشن کے حدود کے تنازعہ کو لے کر خاتون کی نعش شام تک مقام واردات پر ہی پڑی رہی۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ پتہ لگا ہے کہ گلا گھوٹنے کے بعد نعش کو ریلوے پٹریوں پر ڈال دیا گیا تا کہ اسے خودکشی ظاہر کرسکے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ روحینہ کے شوہر محمد معین الدین تاجر پارچہ ہے نے گلا گھونٹ کر ان کا قتل کیا ہوگا ۔ ذرائع نے بتایا کہ روحینہ فاطمہ کی شادی دیڑھ سال قبل معین الدین سے ہوئی تھی اور انہیں چار ماہ لڑکی ہے لیکن آپس میں ان کا تنازعہ چل رہا تھا۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے جبکہ چندرائن گٹہ پولیس بھی اس سلسلہ میں تحقیقات کررہی ہے ۔