حیدرآباد 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کی سائبر کرائم پولیس نے کم عمر لڑکی کو فون پر ہراساں کرنے اور قابل اعتراض مواد بھیجنے والے ایک خانگی ملازم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب 21 سالہ جے راما کرشنا متوطن ضلع نلگنڈہ کی ملاقات متاثرہ لڑکی سے ایک شادی کی تقریب میں ہوئی تھی اور اُس نے خفیہ طور پر لڑکی کی نجی تصاویر لئے تھے۔ بعدازاں اُن تصاویر کی بنیاد پر وہ لڑکی کو بلیک میل کرنے لگا اور اُس سے تعلقات قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ لڑکی کے انکار پر راما کرشنا نے فرضی فیس بُک اکاؤنٹ بنایا اور اُس پر لڑکی کے قابل اعتراض تصاویر اپ لوڈ کردیئے۔ متاثرہ لڑکی نے سائبر کرائم پولیس سے اِس سلسلہ میں شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر راما کرشنا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے ایک موبائیل فون بھی برآمد کرلیا جسے جرم میں استعمال کیا گیا تھا۔