امیزان کمپنی کا ڈرائیور اور دیگر سات افراد گرفتار و جیل منتقل
حیدرآباد 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) کم عمر لڑکی سے محبت کے بہانے اُس کا جنسی استحصال کرنے کے بعد اُسے جسم فروشی کے کاروبار میں ڈھکیلنے والے امیزان کمپنی کے کار ڈرائیور اور دیگر 7 کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر سنپریت سنگھ کے بموجب 25 سالہ وائی چنٹی ساکن این ٹی آر نگر ضلع رنگاریڈی نے کم عمر لڑکی سے دوستی کی اور بعدازاں اُس کا جنسی استحصال کیا۔ چنٹی نے اپنی بیوی پشپا کی مدد سے لڑکی کو ضلع محبوب نگر کے جڑچرلہ میں چلائے جارہے قحبہ گری کے اڈے کو منتقل کردیا۔ لڑکی کی ماں کی شکایت پر پولیس چیتنیہ پوری نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور تحقیقات کے دوران چنٹی اور اُس کے ساتھیوں کے ملوث ہونے کا پتہ لگایا۔ پولیس نے قحبہ گری کے اڈے کے آرگنائزر چنٹی، اُس کی بیوی پشپا کے علاوہ اور دیگر افراد فریدہ بیگم، کرشنا وینی، سروپا، پدما، منجولا اور رادھا کو گرفتار کرتے ہوئے اُنھیں جیل منتقل کردیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔