کمپنی کو دھوکہ دینے والا ملازم گرفتار

اندرون 48 گھنٹے پولیس کی کامیاب کارروائی

حیدرآباد /10 اپریل ( سیاست نیوز ) مادھاپور پولیس نے کمپنی کو دھوکہ دینے والے ایک ملازم کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے اندرون 48 گھنٹے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 35 سالہ گوپال ریڈی کو گرفتار کرلیا اور 20 لاکھ روپئے ضبط کرلئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق آج ایک کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملازم کو گرفتار کرلیا ۔ اڈہ گٹہ کے پی ایچ بی علاقہ کا ساکن گوپال ریڈی اننسیا ہومس پرائیویٹ لمیٹیڈ میں سوپروائزر کی ملازمت کرتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام گنٹور بتایا گیا ہے ۔ 4 سال قبل ضلع گنٹور سے روزگار کی تلاش میں حیدرآباد آنے والے گوپال ریڈی نے رئیل اسٹیٹ اور شیر مارکٹ میں محنت کی تاہم ناکامی اور نقصان کے بعد اسی کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی اور جاریہ ماہ کی 7 اپریل کو اس نے ایک منصوبہ تیار کرتے ہوئے کمپنی کے 20 لاکھ روپئے لیکر راہ فرار اختیار کرلی ۔ جس کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ایم رویندر ریڈی کرائم انسپکٹر مادھاپور اور انسپکٹر نرسملو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مفرور کو گرفتار کرلیا ۔