کمشنروں میں کوئی اختلاف نہیں: الیکشن کمیشن

نئی دہلی /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج رات اپنے تین کمشنروں کے مابین اختلافات کی باتوں کو خارج کردیا اور کہا کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کرتا ہے۔ وارانسی میں نریندر مودی کو جلسہ عام کے انعقاد کی اجازت نہ دینے پر بی جے پی کی جانب سے جانبداری کے الزامات کے جواب میں ای سی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ مکمل ذمہ داری کے ساتھ اور ضلع نظم و نسق سے بنیادی حقائق کی تصدیق کے بعد اقدامات کرتا ہے اور وارانسی میں مودی کے جلسوں کے معاملے میں اتر پردیش کے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کی سطح پر بھی حقائق کی تصدیق کی گئی

اور اس ضمن میں مناسب جواب پارٹی کے قائدین کو بھیجا گیا ہے۔ کمیشن کے بیان میں کہا گیا کہ مکمل کمیشن یہ وضاحت کردینا چاہے گا کہ تمام تینوں کمشنروں پر مشتمل اعلی قیادت ایک ٹیم کے طورپر کام کرتی ہے اور اپنی دستوری ذمہ داریوں کو پورے عزم و حوصلے کے ساتھ بروقت انجام دے رہی ہے۔ کمیشن کا یہ بیان چند گھنٹوں بعد سامنے آیا، جب کہ کمشنر ایچ ایس برہما نے ایک نیوز چینل کو بتایا تھا کہ تینوں کمشنروں کے درمیان اگر کوئی اختلافات بھی ہوں تو انھیں منظر عام پر نہیں لایا جانا چاہئے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کمیشن کو بی جے پی کے ارون جیٹلی کے مکتوبات پر فوری ردعمل ظاہر کرنا چاہئے تھا۔