کمسن کی پھانسی کے ذریعہ خودکشی

حیدرآباد /19 فروری ( سیاست نیوز ) صنعت نگر علاقہ میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں ایک کمسن لڑکی نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کی خواہشمند اس لڑی کے گھر کی مالی حالت اتنی مستحکم نہیں تھی کہ وہ اسے تعلیم سے آراستہ کرسکیں ۔ لڑکی ساتویں جماعت میں زیر تعلیم تھی ۔ صنعت نگر پولیس کے مطابق 14 سالہ انیتا عرف املو جو راما راؤ نگر بورا بنڈہ علاقہ کے ساکن یادگیری کی بیٹی تھی ۔ لڑکی کے والد کی موت ہوگئی تھی اور اس کی والدہ نے اس کا اسکول بند کروادیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اصل میں فیس کی ادائیگی کیلئے اس خاندان کے یہاں مالی حالت مستحکم نہیں تھی ۔ اس وجہ سے تین ماہ سے اس کا اسکول بند کروا دیا گیا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر لڑکی نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ انسپکٹر صنعت نگر مسٹر ہری چندرا ریڈی نے بتایا کہ پولیس ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات کر رہی ہے ۔