حیدرآباد 18جون (سیاست نیوز) پانچ سالہ لڑکی کے ساتھ شرمناک حرکت کرنے والے آٹو ڈرائیور کو کاماٹی پورہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے پریس کانفرنس میں 56 سالہ آٹو ڈرائیور محمد شمشیر خان عرف محمد عظیم خان عرف صدام حسین نے 10 جون کو عثمان باغ کی ساکن پانچ سالہ کمسن لڑکی جو اپنے مکان سے کچھ ہی فاصلہ پر گوشت خریدنے کیلئے مکان سے باہر نکلی تھی کہ آٹو ڈرائیور نے اسے تنہا دیکھ کر بسکٹ اور چاکلیٹ دینے کے بہانے اسے راغب کیا اور اسے اپنے مکان لیجاکر اس کے ساتھ شرمناک حرکت کی ۔ اس واقعہ کے دوران لڑکی زخمی ہوگئی اور شمشیر خان اسے اپنے آٹو میں دوبارہ مکان کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ قبل ازیں آٹو ڈرائیور نے اس واقعہ کو پوشیدہ رکھنے کیلئے لڑکی کو دھمکاتے ہوئے اس واقعہ کو سڑک حادثہ قرار دینے کیلئے کہا ۔ لڑکی نے اپنے مکان پہنچ کر ماں کو یہ بتایا کہ وہ حادثہ میں زخمی ہوگئی ہے جس کے سبب اس کی ماں نے دودھ باولی میں واقع ایک دواخانہ منتقل کیا اور بعدازاں اسے نیلو فر دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر اس گھناونی حرکت کا پتہ چلا ۔مسٹر چکرورتی نے بتایا کہ لڑکی کو نیلو فر دواخانہ میں پانچ دن کیلئے شریک کیا گیا تھا اور علاج کے دوران شمشیر خان کی گھناونی حرکت کا پتہ چلنے پر اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ۔ کاماٹی پورہ پولیس نے آٹو ڈرائیور کا کامیاب طور پر پتہ لگالیا اور اسے زو پارک کے قریب گرفتار کرلیا ۔ شمشیر خان کو آج پولیس نے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔