حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) کمسن طالب علم کو کار سے روند دینے والی خانگی کالج کی لیکچرر کو پولیس سعیدآباد نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 20 جون کو 3½ سالہ طالب علم شیخ رحمن علی اپنی ماں کے ساتھ پہلے دن اسکول جانے کیلئے سڑک عبور کررہا تھا کہ ایک تیز رفتار کار نے اسے ٹکر دے کر خاتون کار ڈرائیور وہاں سے فرار ہوگئی تھی۔ پولیس نے گاڑی کو قبضہ میں لیتے ہوئے 40 سالہ خاتون لیکچرر بی شریمتی ساکن ماتو شری کالونی کو آج گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر سعیدآباد کے ستیہ نے بتایا کہ اس حادثہ کے بعد پولیس نے مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جس میں کمسن طالب علم کے ویڈیوز برآمد ہوئے۔ اس حادثہ کے بعد خاتون لیکچرر دواخانہ میں شریک ہوگئی تھی جبکہ آج دواخانہ سے ڈسچارج کے بعد تعزیراتِ ہند کی دفعہ 304(A) کے تحت خاتون لیکچرر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ شریمتی دلسکھ نگر میں سدھارتھ ویمنس کالج میں بحیثیت لیکچرر ملازمت کررہی ہے۔