موضع حاجی پور میں پولیس اور میڈیا کو عوام کی شدید برہمی کا سامنا
حیدرآباد /30 اپریل ( سیاست نیوز ) رچہ کونڈہ کے حاجی پور موضع میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب مقامی عوام نے کمسن لڑکیوں کے قاتل کے مکان کو آگ لگادی اور اس دوران عوامی برہمی میں رکاوٹ ثابت ہو رہے میڈیا اور پولیس کو بھی عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس دوران کمسن لڑکیوں کے قتل کے معاملات میں ایس آئی ٹی نے قاتل کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر رچہ کنڈہ پولیس مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے قاتل کو میڈیا کے روبرو پیش کردیا ۔ انہوں نے بتایا کہ قاتل حاجی پور کا ہی ساکن ہے ۔ جس نے ایک نہیں بلکہ تین کمسن لڑکیوں کے علاوہ دیگر خواتین کا بھی قتل کیا ۔ ایک خطرناک باؤلی سے پولیس نے ایک کے بعد دیگر کمسن لڑکیوں کی نعشوں کو برآمد کرلیا جو خاطی قاتل 28 سالہ مرلی سرینواس ریڈی ساکن حاجی پور کا شکار ہوئی ۔ ریڈی لڑکیوں پر پہلے اپنی ناپاک نظر ڈالتا تھا ۔ 28 سال کے باوجود شادی نہ ہونے سے یہ شخص ذہنی بیمار ہوگیا تھا اور عریاں فلمیں و تصاویر دیکھتے ہوئے لڑکیوں اور خواتین کے متعلق جنونی ہوگیا تھا ۔ لڑکی کو زبردستی پھانس کر اس نے جنسی خواہش پوری کرنے کے بعد وہ لڑکی اور خاتون کا قتل کردیا کرتا تھا اور نعش کو باؤلی میں دفن کردیتا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 اپریل کو شراوتی کے گمشدگی اور اس کی نعش کی دستیابی کے بعد پولیس نے ایس آئی ٹی کو تشکیل دیا تھا اور اس تحقیقات میں حیرت انگیز انکشافات منظر عام پر آئے ۔ سرینواس ریڈی سال 2005 سے اس طرح کی وارداتوں میں ملوث ہے یہاں 2005 میں 6 ویں جماعت کی طالبہ سال 2015 میں خاتون اور سال 2016 میں ایک اور سال 2019 میں دو اس طرح یہ جنونی جنسی خواہش کیلئے قتل کی وارداتیں انجام دیتا تھا ۔ کمشنر پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں بالخصوص لڑکیوں کے تعلق سے زیادہ چوکنا رہیں ۔