کمسن طالب علم کی پٹریوں پر گرنے سے موت : ریلوے پولیس

حیدرآباد ۔ /25 جنوری (سیاست نیوز) یاقوت پورہ کے علاقہ میں کل رات پیش آئی کمسن طالب علم کی مشتبہ موت پر ریلوے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ رات دیر گئے مقام کا معائنہ اور ابتدائی تحقیقات کے بعد رین بازار پولیس نے کیس کو ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے حوالے کردیا تھا ۔ اس خصوص میں ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے انسپکٹر مسٹر شنکر نے بتایا کہ 14 سالہ ایم اے صمدانی کی ٹرین کی ٹکر سے پٹریوں پر گرنے کے سبب موت ہوگئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے پولیس نے صمدانی کے ساتھیوں سے بھی پوچھ تاچھ کی جو کل اس کے ساتھ تھے ۔ انسپکٹر ریلوے پولیس کاچی گوڑہ مسٹر ایم شنکر نے بتایا کہ صمدانی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ریلوے ٹریک پر گزرہا تھا کہ اچانک ٹرین کی ٹکر سے دوسری پٹریوں پر گرکر شدید زخمی ہوگیا اور فوت ہوگیا ۔