کمسن بیٹی کی عصمت ریزی باپ کو 10سال کی قید

حیدرآباد۔5اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) شہر کی ایک مقامی عدالت نے اپنی ہی 9سالہ بیٹی کی عصمت ریزی کرنے والے باپ کو 10سال چھ ماہ کی سزائے قید بامشقت دی ہے  ۔نامپلی کے پانچویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشنس کورٹ نے 2011 کے اس مقدمہ میں محمد سلیم کو جرم کا مرتکب پایا اور سزا کے علاوہ 500روپئے جرمانہ عائد کیا ۔ مئی 2011 میں سلیم کی بیوی نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس کے شوہر نے ان کی کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کی اور کسی پر اس گھناؤنے جرم کا انکشاف نہ کرنے کیلئے دھمکی دی تھی ۔ حیدرآباد پولیس کے ایک بیان میں یہ انکشاف  کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ بیٹی کی عصمت ریزی سے متعلق شوہر کے خلاف بیوی کی شکایت پر ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی مختلف دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سلیم کوگرفتار کیا گیا تھا ۔ بعدازاں عدالتی تحویل میں دیا گیا تھا ۔ تحقیقات کی تکمیل کے بعد ایک چارج شیٹ روانہ کی گئی تھی اور بحث کی سماعت کے بعد عدالت نے آج سزا کا اعلان کیا ۔