کمسن بچہ کا اغواء کنندہ اور خریدار گرفتار

پہاڑی شریف پولیس اور اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد /8 مئی ( سیاست نیوز ) بھروسہ کرنے والی خاتون سے دھوکہ کرتے ہوئے بچہ کا اغواء کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بچہ کا اغواء کرنے کے بعد اس شخص نے اس 6 ماہ کے کمسن کو 10 ہزار روپئے میں فروخت بھی کردیا تھا ۔ پولیس نے خریدار کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتایا کہ 28 سالہ شیخ احمد ساکن راجیو گاندھی نگر پہاڑ ی شریف اور 39 سالہ میر فیاض علی ساکن بھارت نگر شاہین نگر کو گرفتار کرلیا ۔ پہاڑی شریف پولیس اور اسپیشل آپریشن ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرنے کے دوران شیخ احمد کو ناندیڑ مہاراشٹرا سے گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق 3 مئی کے دن 20 سالہ خاتون سونی نے پولیس پہاڑی شریف میں شکایت کی کہ اس کے بچے کا اغواء کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق شکایت گذار سونی کی والدہ سنیتا اور شیخ احمد آپسی جان پہچان والے تھے ۔ سنیتا اس کی بیٹی سوتی اور نواسے کے ساتھ شیخ احمد کے گھر آئی اور یہاں توقف کیا ۔ اس دوران شیخ احمد نے سونی کے 6 ماہ کے بچے سائی کو لیکر فرار ہوگیا اور دروازہ باہر سے بند کردیا تھا ۔ پولیس نے شدت سے اس کی تلاش شروع کردی تھی اور پولیس اس میں کامیاب بھی ہوئی ۔ شیخ احمد نے لڑکے کو فیاض نامی شخص کو فروخت کردیا تھا پولیس نے فیاض کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔