کمسنی کی شادیاں روک دی گئیں

کوڑنگل۔یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل دولت آباد کے موضع یلیولہ میں محکمہ مال اور محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے کمسنی میں رچائی جانے والی دو شادیوں کے خلاف مداخلت کرتے ہوئے روک دیا۔ تفصیلات کے بموجب مذکورہ موضع سے تعلق رکھنے والی ایک دسویں جماعت کامیاب لڑکی اور دوسری انٹر میڈیٹ سال اول میں زیر تعلیم لڑکیوں کی شادی طئے پاچکی تھی جس کی اطلاع مقامی لوگوں نے ضلع کلکٹر کو دی۔ اس ضمن میں گزشتہ روز تحصیلدار گیانیشور، ہیڈ کانسٹبل پولیس انجینلو، اور نوین وغیرہ نے موضع میں پہنچ کر لڑکیوں کے والدین سے گفت و شنید کی۔ کمسنی کی شادیوں سے ہونے والے نقصانات سے روشناس کروایا اور شادیوں کو منسوخ کردینے کا مشورہ دیا۔ بصورت دیگر ایک لاکھ روپئے جرمانہ عائد ہونے کی بات کہی۔ اس سلسلہ میں پولیس نے ایک کیس درج کرلیا۔

 

قومی شاہراہ کے تعمیری کاموں میں لاپرواہی
کوڑنگل۔یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موجودہ طور پر آغاز کئے گئے قومی شاہراہ کے تعمیری کاموں میں لاپرواہی برتی جارہی ہے۔ کوڑنگل کے نواح میں موہن دال مل کے دامن میں پل کے قریب قومی شاہراہ کے روڈ لیول کا کام چل رہا ہے اس کے لئے اچھی قسم کی مورم استعمال ہونا تھا مگر عہدیداروں کا معائنہ نہ ہونے کی وجہ شاہراہ کے بازو نکالی جانے والی کالی مٹی سے ہی شاہراہ پر مورم اندازی کی جارہی ہے۔ اگر اس شاہراہ پر وزنی لاری کا گزر ہو تو ٹائر زمین میں دھنس جانے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔ ان کاموںکو متعلقہ عہدیداران ابتدائی مرحلہ میں مشاہدہ نہ کریں تو کاموں کے صحیح طور پر انجام نہ دیئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ عوام نے متعلقہ عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ مرحلہ میں جاری تعمیری کاموں کا معائنہ کریں تاکہ کام پختگی کے ساتھ جاری رہے۔