کمزور ٹیم کی شکست فاش میں سنگاکارا کا تاریخی کارنامہ

سری لنکا نے اسکاٹ لینڈ کو 148 رنز سے ہرایا
ہوبارٹ ۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کمار سنگاکارا نے ریکارڈ لگاتار چوتھی او ڈی آئی سنچری بناکر نئی تاریخ رقم کی جس کی مدد سے سری لنکا نے اسکاٹ لینڈ کے مقابل جاریہ ورلڈ کپ کے اپنے آخری گروپ میچ میں آج یہاں 148 رنز کی واضح کامیابی درج کرائی ۔ متواتر چار اننگز میں سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ونڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں اولین بیٹسمین بنتے ہوئے 37 سالہ سری لنکائی ویٹرن نے اوپنر تلک رتنے دلشان (104) کے ساتھ ملکر ٹیم کو یہاں بیلریوواوول میں بیٹنگ کا انتخاب کرنے کے بعد 363/9 کے ہمالیائی اسکور تک پہونچنے میں مدد کی ۔ گروپ اے کے اس میچ میں غیرمعمولی ٹارگٹ مقرر ہونے کے بعد اسکاٹ لینڈ کی اننگز 43.1 اوورس میں 215 پر اختتام پذیر ہوئی اور اس کمزور ٹیم کیلئے میگا ایونٹ میں بس ایک اور میچ کی تکمیل ہوئی ، جہاں وہ ابھی تک کوئی مقابلہ جیت نہیں پائے ہیں۔ سری لنکا اب پوائنٹس ٹیبل میں صرف نیوزی لینڈ سے پیچھے یعنی دوسرے مقام پر ہے ۔ انھیں 6 مقابلوں میں 4 کامیابیاں حاصل ہوئیں ۔ تاہم اس گروپ میں قطعی درجہ بندی نیوزی لینڈ ۔ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا ۔ اسکاٹ لینڈ میچس کے بعد ہی معلوم ہوگی ۔ سنگا اور دلشان کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 195 رنز کی پارٹنرشپ او ڈی آئیز میں ان دونوں بیٹسمینوں کی بیسویں سنچری رفاقت ہے ، جس کے بعد وہ صرف ہندوستانی لیجنڈس سچن تنڈولکر اور سورو گنگولی سے پیچھے ہیں۔ سنگا نے اپنے مثالی 15 سالہ کیرئیر کا آخری ونڈے ٹورنمنٹ کھیلتے ہوئے اس میگا ایونٹ میں غیرمعمولی فام کا مظاہرہ کیا ہے ۔ جیسا کہ اُن کے 124 رنز 95 گیندوں میں بنے جبکہ دلشان نے 99 گیندوں میں 104 رنز اسکور کئے ۔ کپتان انجیلو میتھیوز (51) نے رواں ورلڈ کپ کی دوسری تیز ترین ہاف سنچری 20 گیندوں میں بنائی ۔ جزیرے والوں کی ٹیم نے اختتامی مراحل میں تیزی سے وکٹیں کھوئے ، جس کی وجہ سے وہ 400 کا اسکور نہیں کرپائے ۔ اسکاٹ لینڈ کی شروعات ہی خراب ہوئی اور وہ 12 ویں اوور میں محض 44 رنز پر تین وکٹیں کھوچکے تھے ۔ اُن کیلئے فریڈی کولمین (70) اور کپتان پریسٹن مومسین (60) نے چوتھی وکٹ کیلئے 118 رنز جوڑے جو اسکاٹ اننگز کی نمایاں بات رہی ۔ تاہم جیسے ہی یہ دونوں آؤٹ ہوئے دیگر بیٹسمینوں نے کچھ خاطر خواہ مظاہرہ نہ کیا ۔ لنکائی بولروں میں نوان کلاسیکرا نے 3/20 کے اعداد و شمار درج کرائے ۔